برگر کی چٹنی لینے کے لیے نوجوان قتل

لائن توڑنے پر بحث مباحثہ شروع ہوا جو نوجوان کی جان لے گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 8 نومبر 2019 06:41

برگر کی چٹنی لینے کے لیے نوجوان قتل
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2019ء)   اس وقت لوگوں میں جو مسئلہ عام ہو رہا ہے وہ عدم برداشت ہے۔دنیا بھر کے تقریباً ہر ملک میں آئے روز عدم برداشت کا کوئی نا کوئی واقعہ ضرور پیش آتاہے جس کے نتیجے میں معمولی سے ایشو پر بات قتل و غارت تک پہنچ جاتی ہے۔ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ امریکہ میں پیش آیاہے جہاں برگر کے لیے چٹنی لینے کے لیے لگی لائن توڑنے پر بحث مباحثہ شروع ہوااور نتیجے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر نوجوان کو چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق پرنس جارج کاو¿نٹی پولیس اسٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ 28 سالہ کیون ڈیوس نامی نوجوان ریسٹورنٹ میں داخل ہوا جسے اپنے چکن برگر کے لیے ساس لینا تھا، جس کے بعد اس نے آرڈر کے لیے لگی لائن توڑ کر آگے جانے کی کوشش کی اور یہ سلسلہ 15 منٹ تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران لائن میں کھڑے دوسرے نوجوان نے ڈیوس سے جھگڑا شروع کردیا، جس کے بعد یہ دونوں ایک دوسرے سے بحث کرتے رہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ کچھ دیر بعد یہ دونوں نوجوان ریسٹورنٹ سے باہر آئے تو دوسرے نوجوان نے ڈیوس کو چاقو کا وار کرکے قتل کردیا۔پولیس چیف ہینک سٹیونسکی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹرز کو بتایا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ ایک برگر پر شروع ہوئی بحث کے بعد صرف 15 سیکنڈ میں اس نوجوان کو کیسے قتل کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈیوس کو اس واقعے کے فوری بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم انہوں نے ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ دیا۔سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ کر پولیس نے بتایا کہ چاقو سے وار کرنے والا نوجوان اس واقعے کے فوری بعد ایک خاتون کے ساتھ ریسٹورنٹ سے بھاگ نکلا جبکہ ان دونوں کو اکٹھے گاڑی میں جاتے دیکھا گیا۔ان دونوں کی تصاویر بھی میڈیا میں جاری کردی گئی ہیں جبکہ خاتون کو تحقیقات کے لیے ڈھونڈا جارہا ہے۔