حکومت فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن

جمعہ 8 نومبر 2019 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں فزیکل پلاننگ اینڈ ہائوسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میںخیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مانسہرہ میں کشش ثقل کے بہائوکے ساتھ واٹر سپلائی سکیم کے لیے 6470.163 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے کرتار پور راہداری کی ڈویلپمنٹ کے لیے 16546.2ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب صوبائی منصوبوں کی تیاریوں کے لیے مالی اعانت اورانٹرمیڈیٹ شہروں میں انویسمنٹ پروگرام فیز ٹو کے لیے 2571.406 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور سکیورٹی میں اضافے کے لئے کابینہ ڈویڑن 6 ایوی ایشن سکواڈرن کی اپ گریڈیشن کے لیے 638.772 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔