حکومت نے کرتارپور راہداری کھولنے کا درست فیصلہ کیا،

اس حوالے سے دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 نومبر 2019 13:39

حکومت نے کرتارپور راہداری کھولنے کا درست فیصلہ کیا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے کرتارپور راہداری کھولنے کا درست فیصلہ کیا لیکن اس حوالے سے دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے سے پہلے قومی اسمبلی اور سینٹ میں بحث کرکے اس حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے، تمام پارٹیاں اس حوالے سے اپنی اپنی تجاویز دیتیں تو اچھا تھا، حکومت نے سکھ برادری کے حوالے سے اچھا فیصلہ کیا، قومی فیصلے جذبات میں نہیں ہوتے بلکہ صلاح مشورے سے کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف سکھوں کو سہولیات دے رہی ہے‘ اچھا قدم ہے لیکن جو مسلمان پاکستان سے مدینہ منورہ جارہے ہیں ان کو کیا سہولت دی جارہی ہے، سفری ٹکٹ اور رہائش گاہوں کو مہنگا کردیا گیا اس طرف کون توجہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کا دن مبارک دن ہے، پوری قوم اور امت مسلمہ کو یہ دن مبارک ہو، مسلمانوں کی زندگی میں کوئی لمحہ ایسا نہیں جو آپﷺ کی ذات کو یاد کئے بغیر گزرتا ہو۔