تیسرا ٹی ٹونٹی ، آسٹریلیانے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 نومبر 2019 13:04

تیسرا ٹی ٹونٹی ، آسٹریلیانے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا
پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8نومبر2019ء) تین ٹی ٹونٹی میچزکی سیریز کے آخری مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ کرلیا ۔پرتھ میں کنڈیشنز پاکستان کے اعتماد سے عاری بیٹنگ کیلئے سازگار نہیں ہوں گی، یہاں بنائے جانےوالے نئے سٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے گزشتہ دونوں ون ڈے میچز میں پیسرز چھائے رہے ہیں، مہمان ٹیم کی بیٹنگ کو استحکام دینے کیلئے آﺅٹ آف فارم فخرزمان اور آصف علی کی جگہ امام الحق اور خوشدل شاہ کو آزمائے جانےکا امکان ہے۔

بیٹنگ کا بوجھ اٹھانے کیلئے گزشتہ دونوں میچز میں ففٹیز بنانےوالے بابر اعظم ایک بار پھر امیدوں کا مرکز ہوں گے، افتخار احمد کی گزشتہ میچ میں اچھی اننگز بھی پاکستان کیلئے حوصلہ افزا ہے، پیس بیٹری میں محمد عرفان کو باہر بٹھا کر 19سالہ محمد موسٰی کو موقع دیا جاسکتا ہے، عماد وسیم اور شاداب خان کی باﺅلنگ فارم ٹیم کے مسائل میں اضافہ کررہی ہے جبکہ عثمان قادر ابھی تک سیر سپاٹے میں ہی مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آسٹریلیا کو کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ سمیت جارح مزاج بیٹسمینوں کی خدمات حاصل ہیں، خطرناک پیسر پیٹ کمنز کو آرام دینے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا، ان کی جگہ 5سال سے کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے منتظر سین ایبٹ کو شامل کیا جاسکتا ہے۔پاکستان ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشن میں آخری معرکہ سر کرنے کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھا، وارم اپ کے بعد فیلڈنگ ڈرلز کی گئیں، کھلاڑیوں نے مشکل کیچز تھامنے کی مشق جاری رکھی، بولنگ کوچ وقار یونس نے محمد موسٰی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انھیں لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلئے مشورے دیئے، محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد عرفان بھی ایکشن میں نظرآئے، سپنرز نے الگ نیٹ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کام کیا۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے خود بھی تھرو بولنگ کرتے ہوئے بیٹسمینوں کو پریکٹس کروائی، بابر اعظم اور امام الحق نے نئی گیند کا سامنا کیا، فخرزمان جارحانہ کے بجائے دفاعی اسٹروکس زیادہ کھیلتے نظر آئے، حارث سہیل اور خوشدل شاہ نے بھی طویل سیشن کیا، مصباح الحق نے دونوں کو فٹ ورک بہتر بنانے کیلئے مشورے دیے۔