جدہ کی جیل میں مرد اور خاتون قیدی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

دونوں نے سُہاگ رات جیل میں ہی خصوصی طور پر سجائے ایک کمرے میں منائی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 نومبر 2019 14:30

جدہ کی جیل میں مرد اور خاتون قیدی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 نومبر 2019ء) جدہ کی جیل اُس وقت شادی گھر میں جب بدل گئی جب وہاں موجود ایک خاتون اور مرد ساری عمر کے لیے ایک دوسرے کے ہو گئے۔ دونوں کے درمیان نکاح پڑھایا گیا اور شادی کی دیگر رسمیں بھی دھوم دھام سے ادا کی گئیں۔ شادی کی اس تقریب میں دُلہا اور دُلہن کے قریبی رشتہ داروں، قیدیوں اور جیل وارڈن و دیگر اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

یہ تقریب اصلاحی سینٹر کے تحت منعقد کی گئی۔ اس ازدواجی تقریب کے بعد نوبیاہتا جوڑے کو سہاگ رات منانے کی خاطر جیل میں ہی اس مقصد کے لیے سجائے گئے ایک گھر میں عارضی طور پر منتقل کر دیا گیا۔ جیل وارڈن بریگیڈیئر ماجد الدویش نے بتایا کہ اس جوڑے کی منگنی کی تقریب بھی اب سے تین ماہ قبل جیل میں ہی منعقد کی گئی تھی۔اب ان کا نکاح پڑھا کر انہیں جیون ساتھی بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر ماجد الدویش کا کہنا تھا کہ ان کی شادی جیل کے اصلاحی پروگرام کے تحت کروائی گئی جس کا مقصد قیدیوں کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانا ہے۔ ان اصلاحی پروگراموں کے تحت قیدیوں کو تعلیم و تربیت اور دیگر فنی تعلیم بھی دی جاتی ہے جس کا مقصد اُنہیں رہائی کے بعد باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے اوربے روزگاری سے بچانا بھی ہے تاکہ وہ دوبارہ سے جرائم کی طرف مائل نہ ہوں۔

ان اصلاحی پروگرامز میں قیدیوں کی اخلاقی حالت میں بہتری پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے۔قیدی جوڑے کے نکاح پرجیل انتظامیہ کی جانب سے موقعے کی مناسبت سے ایک دعوت کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مختلف قسم کے مزے دار کھانے بھی پیش کیے گئے، جبکہ جیل انتظامیہ اور دُلہا دُلہن کے رشتہ داروں کی جانب سے انہیں تحفے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اصلاحی سنٹر میں ہونے والی اس شادی کی تقریب میں دُلہن کو اصلاحی سنٹر کے زنانہ حصّے میں قیدی عورتوں نے تیار کیا۔ جبکہ مردانہ حصّے میں دُلہا سے مخصوص رسومات پوری کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :