بجلی کا کرنٹ لگا کر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی گرفتار

جمعہ 8 نومبر 2019 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) شہر قائد میں خاتون نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کا کرنٹ لگا کر شوہر کو قتل کرنے والی ملزمہ کو عدالت میں پیش کر دیا گیا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

مقتول شوہر کے بھائی نے الزام لگایا تھا کہ ملزمہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ آلہ قتل کے بارے میں کہا گیا کہ واردات کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ سے وومین ایس ایچ او کی موجودگی میں تفتیش کی جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ملزمہ چوں کہ خاتون ہے اس لیے تفتیش خاتون ایس ایچ او کی موجودگی میں ہوگی، نیز ملزمہ حاملہ ہے اس لیے انسانی حقوق کی بنیاد پر صحت کا بھی خیال رکھا جائے۔عدالت نے پولیس کو قتل میں مبینہ طور پر ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا۔