Live Updates

پاکپتن ، پی ٹی آئی کی حکومت کا محور عوامی خدمت ہے، صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

جمعہ 8 نومبر 2019 16:56

پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویثرن کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں، پی ٹی آئی کی حکومت کا محور عوامی خدمت ہے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے عملی طور پر عمل پیرا ہے ، وقت کھٹن ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کی حکومت نے مشکلات کا صبرو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو ترقی کے سفر پر گامز ن کر دیا ہے ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے نہ صرف قومی وصوبائی بلکہ ضلعی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے وزرا ء کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے ہیں تاکہ خود ساختہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر پرائس کنٹرول میکانزم بنایا جائے گا ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تمام چھوٹی بڑی دکانوں ، سپر سٹورز، ریڑیوں ، ٹھیلوں وغیرہ پراشیائے خوردونوش کے روزانہ مقرر کردہ نرخ کو اعتدال پر رکھنے کے لیے ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں، سبزی وپھل اور غلہ منڈیوں میں پھڑیے کے کردار کو محدود کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ جائز منافع سے عوام تک سستی اور معیاری اشیاء کی ترسیل یقینی بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجا ب کی ہدایت پر صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے ضلع پاکپتن کا مصروف ترین دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں بلائے گئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیوم قدرت ،اسسٹنٹ کمشنر کوارڈ ارشد وتو، سی ای او ایجو کیشن راجہ طارق محمود ، سی او ایم سی نوید سلانی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی اور صوبائی وزیر کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں، پرائس میکنزم انفرا سٹرکچر، سیٹیزن پورٹل ،ڈینگی تدارک مہم ،ہیلتھ ، ایجو کیشن اور مختلف اداروں کے حالیہ اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس مجسٹریٹس فعال کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ ضلع و تحصیل سطح پر جرمانوں کے ساتھ ساتھ انفورسمنٹ کو مضبوط کرنے کیلئے مقامی اور سپیشل قوانین میں ترمیم بارے حکومت کو سفارشات ارسال کی جائیں گی تاکہ آئندہ قانون سازی کرتے وقت فیلڈ میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں،جس کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے اس کا معیار زندگی بلند کرنا ہے ،اس کے علاوہ صارفین میں خریدوفروخت کی آگاہی کیلئے خصوصی آگہی مہم بھی شروع کی جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات