Live Updates

پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت پرسوں اتوار کو مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا،اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں برقی قمقمیں روشن، میلاد کی محفلیں سج گئی

جمعہ 8 نومبر 2019 17:02

پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت پرسوں اتوار کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت پرسوں اتوار کو مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت منانے کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ سرکاری اور نجی سطح پر سرکار دو عالمؐ کا یوم ولادت منانے کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں محافل ذکر و نعت اور گھروں میں خواتین میلاد کی محافل کا انعقاد کریں گی۔

میلاد النبیؐ کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کیا ہے۔ ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 12ربیع الاول کو عید میلاد النبیؐ کے جلوس منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری سطح پر عیدامیلاد النبیؐ کی مرکزی تقریب کے سلسلہ میں عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد ہوگی جس کے افتتاحی سیشن میں وزیراعظم عمران خان جبکہ اختتامی سیشن میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے۔

رواں سال عالمی سیرت کانفرنس کا موضوع ’’ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور تعلیمات نبویؐ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موضوع پر یونیورسٹیوں، کالجوں اور دینی مدارس کے سکالرز اور علماء و مشائخ نے تحقیقی مقالات‘ کتب سیرت اور کتب نعت مقابلے کے لئے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے 70مقالات ‘ کتب سیرت و نعت کو مقابلے کے لئے منتخب کیا ہے۔

اتوار 10نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی عالمی رحمت اللعٰلمین کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب ایران مصر عمان عراق ‘ تیونس اورشام سے علماء و مشائخ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جامع الازہر کے وائس چانسلر‘ عمان کے مفتی اعظم‘ مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مسجد اقصیٰ کے خطیب کو کانفرنس میں شرکت کی خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات