جشن عیدمیلادالنبی ؐ کو شایان شان طریقے سے منایا جائے،عبدالجبار خان

جمعہ 8 نومبر 2019 17:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ جشن عیدمیلادالنبی ؐ کو شایان شان طریقے سے منایا جائے کیونکہ اس دن سرورکائنات حضرت محمد مصطفی ؐ دنیا میں تشریف لائے اور آپ نے پوری دنیا کو دین کی روشنی سے منور کیا۔

(جاری ہے)

نبی کریم ؐ کی نسبت سے ہم تک دین پہنچا اور آج پوری دنیا میں مسلمان اپنے نبی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اُن کے احکامات کو آگے تک پھیلائے ، انہوں نے کہاکہ جشن عیدمیلادالنبی ؐ کا دن ہمارے لئے عید کے دن کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے تمام مسلمانو ں کو چاہئے کہ اس دن کوشایان شان طریقے سے مناکر نبی کریم ؐ سے اپنی محبت اور عقیدت کا بھرپور اظہار کریں۔

انہوں نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے دیئے ہوئے احکامات پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں۔ مسلمان ایک اُمت کے طورپر جمع ہوئے ہیں اور اپنے نبی کریم ؐ کی شان بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس دن کی مناسبت سے اپنے تمام تعصبات باہمی رنجشیں اور اختلافات بھلاکر اس دن کو عید کے دن کی طرح منائیں۔ انہوں نے کہاکہ جشن عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر اُن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں جو ہمارے درمیان اختلافات اور فرقہ واریت پھیلارہے ہیں۔