Live Updates

اسمگلنگ کی موثر روک تھام ترجیح ،قابو پانے کیلئے حکومت پرعزم ہے ،وزیر اعظم عمران خان

سرحدی علاقوں میں بسنے والی عوام کی معاشی مشکلات کا مکمل احساس ہے، روزگار کیلئے متبادل ذرائع کی فراہمی کیلئے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجویز قابل تحسین ہے ،نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے،اجلاس سے خطاب

جمعہ 8 نومبر 2019 19:31

اسمگلنگ کی موثر روک تھام ترجیح ،قابو پانے کیلئے حکومت پرعزم ہے ،وزیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کی موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے،سرحدی علاقوں میں بسنے والی عوام اور خصوصاً نوجوانوں کی معاشی مشکلات کا مکمل احساس ہے،سرحدی علاقوں کی عوام کو روزگار کیلئے متبادل ذرائع کی فراہمی کیلئے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجویز قابل تحسین ہے ،نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کو ملک کے سرحدی علاقوں خصوصاً مغربی سرحدوں پر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کیے جانے والے اقدامات اور سرحدی علاقوں کی عوام کو روزگار کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کی غرض سے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجاویز کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے جو نہ صرف ملکی وسائل اور آمدنی کو متاثر کرتا ہے بلکہ ملکی صنعتی کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کی موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت اسمگلنگ پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے وہاں اسے سرحدی علاقوں میں بسنے والی عوام اور خصوصاً نوجوانوں کی معاشی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی عوام کو روزگار کے لئے متبادل ذرائع کی فراہمی کے لئے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجویز قابل تحسین ہے جس سے نہ صرف ان علاقوں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی بلکہ نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات