بھارت نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 8 نومبر 2019 21:42

بھارت نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں ..
راجکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) کپتان روہت شرما کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کر دی۔ فاتح ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 15 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، روہت شرما نے 85 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔

انہوں نے 43 گیندوں پر 6 خوبصورت چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ راجکوٹ کے مقام پر کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔ مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 153 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 154 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

محمد نعیم نے 36، سومیا سرکار اور محمود اللہ نے بالترتیب 30، 30 جبکہ لٹن داس نے 29 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے یزویندرا چاھال نے دو جبکہ دیپک چھاہار، خلیل احمد اور سندر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں کپتان روہت شرما اور شیکھر دھون نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ پر 118 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا۔

شیکھر دھون بھارت کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 31 رنز بناکر امین الاسلام کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے انکے بعد کپتان روہت شرما کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ دھواں دار 85 رنز بناکر جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے امین الاسلام کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ راہول 8 اور شہریاس 24 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارتی ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 15.4 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بنگلہ دیش کو میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے امین الاسلام نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارتی کپتان روہت شرما کو دھواں دار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔