نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دائر

شریف خاندان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست محکمہ داخلہ کو موصول ہوگئی جینیٹک ٹیسٹ پاکستان میں موجود نہیں نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کے سلسلے میں ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے ، درخواست میں موقف

جمعہ 8 نومبر 2019 21:53

نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) شریف خاندان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے سلسلے میں بھیجنے کے لئے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے محکمہ داخلہ میں ایک درخواست دائر کردی ہے۔ جو محکمہ داخلہ کو موصول ہوگئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت انتہائی خراب ہے۔ ان کے علاج کے سلسلے میں تشکیل دئیے گئے۔

سرکاری میڈیکل بورڈ بھی نواز شریف کے جینیٹک ٹیسٹ کروانے کے حوالے سے سابق وزیراعظم کو ملک سے باہر لے جانے کی سفارش کرچکا ہے۔ درخواست کے مطابق چونکہ جینیٹک ٹیسٹ پاکستان میں موجود نہیں۔ اس لئے نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کے سلسلے میں ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے جبکہ دوسری طرف سابق وزیراعظم کی جاتی امرا میں علاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی سربراہی میں شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کے بوررڈ نے جمعہ کے روز بھی سابق وزیراعظم کا مکمل میڈیکل چیک اپ کیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جو 24 ہزار رہ گئی تھی مزید کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ بون میرو میں خرابی کی وجہ سے نواز شریف کے جسم میں پلیٹ لیٹس خود بخود نہیں بن رہے۔ نواز شریف فی الحال سفر کرنے کے قابل ہیں۔ جن کو بیرون ملک لے جانے کے لئے مزید تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔