Live Updates

عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

حکومت کی جانب سے چھ ارب روپے فوری یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو فراہم کرنے کا فیصلہ ) حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم سے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی

جمعہ 8 نومبر 2019 22:33

عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔وزیرِ اعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ (آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں)کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ حکومت کی جا نب سے چھ ارب روپے فوری طور پر فراہم کرنے سے بنیادی ضروری اشیا میں واضح کمی لائی جا سکے گی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فوری فراہمی سے بیس کلو آٹے کی قیمت میں 132روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 09روپے، گھی کی قیمت فی کلو 30روپے، چاول کی فی کلو قیمت میں 20روپے اوردالوں کی قیمت میں 15روپے تک کمی سے یہ اشیا یوٹیلیٹی اسٹورز سے عوام کو فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کو یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کے سدباب اور اشیائ کی خوردبرد روکنے اور عوام تک اشیائے ضروریہ کی وافر سپلائی یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لئے بڑی مقدار میں اشیائ کی خرید کے بعد اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے وئیر ہاؤسز (گوداموں) تک پوری مقدار میں پہنچیں جہاں ان کی خصوصی پیکنگ ہو کر یوٹیلیٹی اسٹورز تک ترسیل کی جائے گی۔

ان اقدامات کا مقصد یوٹیلیٹی اسٹورز سے جہاں کرپشن کا تدارک ہے وہاں اشیا کا معیار بھی یقینی بنانا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرپشن کے مکمل خاتے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیرِ مواصلات مراد سعید نے بتایا کہ چار ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک کے علاوہ ملک بھر میں پھیلے آٹھ سو پوسٹ آفسز کو بھی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے اشیائ ضروریہ کی گھروں تک فراہمی کے لئے ہوم ڈیلیوری سروس بھی شروع کر دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد اور غربت سے متاثرہ خاندانوں کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیشت کی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے مشکل فیصلے کیے۔ ان فیصلوں کی وجہ سے آج معیشت میں استحکام ہے اور اقتصادی اعشاریے بہتری ظاہر کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔ مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش جاری رکھی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے چھ ارب روپے کی فوری فراہمی کے بعد اشیائ ضروریہ کی عوام تک دستیابی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ مواصلات مراد سعید، معاون خصوصی برائے سماجی فلاح و بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر، وزارتِ خزانہ، منصوبہ بندی، مواصلات، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور صنعت کے سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری صاحبان، چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چیف کمشنر اسلام آباد و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات