مصباح کے اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک ہونے پر فرنچائزز کی جانب سے سخت ردعمل متوقع

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی ایک فرنچائز کیلئے خدمات کودیگر فرنچائزوں نے مفادات کا ٹکرائوقرار دیا تھا

جمعہ 8 نومبر 2019 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) ڈین جونز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ کی حیثیت سے برطرفی کے بعد ان کی جگہ مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ ممکنہ تقرری پر پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی دیگر فرنچائزوں نے اعتراض کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ روز ڈین جونز کو کوچ کے عہدے سے برطرف کرنیکا اعلان کردیا تھا تاہم ابھی تک نئے کوچ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ، عین ممکن ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نئے کوچ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ہوں گے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ممکنہ تقرری پر دیگر پانچوں فرنچائزوں نے شدید اختلاف کرتے ہوئے اسے مفادات کا ٹکرائوقرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنائے جانے سے کئی ہفتوں قبل ہی مصباح اپنی سابقہ فرنچائز کا ہیڈ کوچ بننے پر آمادگی ظاہر کر چکے تھے اور انہیں پی سی بی کی جانب سے بھی گرین سگنل ملا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن سے قبل مصباح اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے جسکی وجہ سابق مایہ ناز بلے باز خود تھے۔مصباح نے پہلے چوتھے سیزن میں کوچنگ سٹاف کے ساتھ منسلک ہونے پر رضامندی ظاہر کی تاہم اختتامی لمحات پر وہ اپنی بات سے مکر گئے اور کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ میں شرکت پر اصرار کیا جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے انکی اس ضد کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں خیرباد کہہ دیا تھا اور مصباح گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کی جانب ایکشن میں نظر آئے۔

جب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے مصباح کی فرنچائز کے کوچ کی حیثیت سے ممکنہ تقرری کے حوالے سے بات کی گئی تو انہوں نے نرالی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے کام کے دوران مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی تنخواہ وصول نہیں کریں گے تاہم فرنچائزوں کو انکے اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک ہونے پر بھی اعتراض ہے کیونکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہوتے ہوئے اگر مصباح کسی پی ایس ایل فرنچائز کے ہیڈ کوچ بنتے ہیں تو یہ مفادات کا واضح ٹکرا? ہو گا۔

پی سی بی کو مصباح کی پی ایس ایل میں موجودگی کے حوالے سے شدید دبا?کا سامنا ہے اور ابتدائی طور پر یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ مصباح کو ڈرافٹ کے عمل کے دوران کھلاڑیوں کی سلیکشن کے عمل سے دور رکھا جائے تاہم فرنچائزوں کو ان کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈریسنگ روم میں موجودگی پر بھی تحفظات ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد کی فرنچائز مصباح کی جگہ کسی اور کو کوچ کے عہدے پر تعینات کرے۔