امریکا کا القاعدہ کے دو سینئررہنماؤں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر دس ملین ڈالر انعامات کا اعلان

سعد بن عاطف العولقی اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 10 ملین ڈالر انعام اپنے انصاف کیلئے انعام اسکیم کے تحت جاری کی جائیگی

جمعہ 8 نومبر 2019 23:26

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) امریکا نے القاعدہ کے دو اہم رہنماؤں سعد بن عاطف العولقی اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو مجموعی طور پر 10 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے القاعدہ کے دو سینئررہنماؤں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر دس ملین ڈالر تک کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

امریکا ان رہنما ئوں کی گرفتاری یا ہلاکت پر مددگار کو انعامی رقم کی فراہمی اپنے ’انصاف کے لیے انعام‘ اسکیم کے تحت جاری کرے گا۔اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعد بن عاطف العولقی کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو 6 ملین اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 4 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعد بن عاطف العولقی یمن کیایک صوبے میں القاعدہ کا رہنما ہے جو شدت پسندوں کو امریکا پر حملوں کے لیے کئی بار سرعام ترغیب دے چکا ہے جب کہ محمود القوصی کو بھی امریکی شہریوں اور املاک کے لیے خطرہ خیال کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ’انصاف کے لیے انعام‘ نامی اسکیم کے تحت امریکی حکومت نے 35 برسوں میں 150 ملین ڈالر کی رقوم بطور انعامات خرچ کی ہے اور امریکی حکام اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکتوں کو اسی اسکیم کی کامیابی سمجھتے ہیں۔