ملک کے بیشتر علاقوں میں (کل) موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

جمعہ 8 نومبر 2019 23:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں (کل) ہفتہ کو موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

بلوچستان میں کوئٹہ، قلات اور زیارت میں مطلع جزوی ابرآ لود اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، نارووال، ایبٹ آباد، سوات، دیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر (بالائی 23، زیریں 03)، پٹن 05، کالام، مالم جبہ 03، کاکول 03، بالاکوٹ ایک، نارووال 07، چکلالہ، چکوال، قصور 04، گوجرانوالہ 02 ، بگروٹ 05، گلگت، بونجی 03 اور استور میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ استور میں 1.4 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت قلات منفی 05، سمنگلی (کوئٹہ) منفی 02، استوراور کا لام میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔