بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے یو ای ٹی لاہور کے سامنے جی ٹی روڈ پر اوورہیڈ برج اور سپیڈ بریکر بنائے جائیں، ترجمان

جمعہ 8 نومبر 2019 23:35

لاہور۔8 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سامنے گزرنے والی مرکزی شاہراہ جی ٹی روڈ پر اوورہیڈ برج اور سپیڈ بریکر نہ ہونے کی وجہ سے حادثات بڑھنے لگے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق ٹیپا اور متعلقہ حکام کو سپیڈ بریکرکی تعمیر کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے متعدد خط بھی لکھے گئے اس سلسلہ میں آخری خط 24ستمبر2019 کو لکھا گیا جس میں حکام کو بتایا گیا کہ کئی طلباء و طالبات اور ملازمین یونیورسٹی کے سامنے سڑک پارکرتے ہوئے زخمی ہو چکے ہیں اس لیئے فوری طور پر سپیڈبریکرتعمیر کیا جائے۔

تاہم متعلقہ حکام نے کوئی پروا نہیں کی۔ ٹیپا کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں یونیورسٹی کا مالی محمد اشرف سڑک عبور کرتا ہوا زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح متعدد طلبہ وطالبات اور ملازمین آئے روز روڈ حادثہ کے باعث زخمی ہورہے ہیں۔ مزیدکسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے ٹیپا اور اس کے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اوورہیڈ برج اور سپیڈ بریکر بنانے ہو ں گے۔

یاد رہے کہ یوای ٹی کا انڈسٹریل اینڈ مینوفیکچرنگ ڈیپارٹمنٹ سڑک کی دوسری جانب واقع ہے، جہاں روزانہ درجنوں طلبہ وطالبات کلاسز کے لیے جاتے ہیں جن کے لیے کوئی محفوظ گزر گا ہ نہیں ہے۔ اورینج ٹرین کے سٹیشن کی تعمیرسے قبل اوور ہیڈ برج بنا ہوا تھا جوٹرین اسٹیشن کی تعمیر کی وجہ سے ختم کردیا گیا جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات،اساتذہ اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوران حادثات کی وجہ سے ان میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے استدعا ہے کہ فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کے سامنے جی ٹی روڈ پر سپیڈ بریکراور اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے احکامات جاری کر یں۔