سیکرٹری جنرل مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کی صنعتکار تاجر برادری وفد سے ملاقات

قوموںسے انکے فیصلوںاور آزادی کا اختیار چھیننے کیلئے انہیںمعاشی اور اقتصادی طور پر کمزور بنا یا جاتاجبکہ قرضوں کے بوجھ تلے قوموں کو کچل کرغلام بناکر انہیں انکی آزادی سے محروم کردیا جاتا ہے ، عارف اعظم

جمعہ 8 نومبر 2019 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری جنرل عارف اعظم نے آفاق احمد کی رہائش گاہ پرکورنگی انڈسٹریل ایریاسے آئے صنعتکار اور تاجر برادری کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ قوموںسے انکے فیصلوںاور آزادی کا اختیار چھیننے کیلئے انہیںمعاشی اور اقتصادی طور پر کمزور بنا یا جاتاجبکہ قرضوں کے بوجھ تلے قوموں کو کچل کرغلام بناکر انہیں انکی آزادی سے محروم کردیا جاتا ہے ،آئی ایم ایف کی پالیسوں پر عمل درآمد کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کے غلط فیصلوں کاتسلسل ہے جسکے سبب ملک تنزلی کاشکا ربنتاجارہا ہے۔

عارف اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے طے پائے جانے والے معاہدوں پر جشن اور خوشیا ںمنانے والوں نے قوم کی معیشت،سلامتی اور عزت کا دیوالیہ نکال دیا،قرض لو اور ملک چلاوکی پالیسی ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کا باعث بنی ہے۔

(جاری ہے)

عارف اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف نے قرضوںکی فراہمی پر کڑی اور سخت شرائط عائد کرکے حکومت کوعوام پر شکنجہ ٹائٹ کرنے کے حکم نامہ پر دستخط کرواکر عوام کو زندہ درگورکرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے جس کی مہاجر قومی موومنٹ نا صرف بھرپور مخالفت کرتی ہے بلکہ ہر مشکل کی گھڑی میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

عارف اعظم نے کہا کہ ہم اگر موجودہ حکومت کی15ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیںاگست2018 سے اکتوبر 2019 میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں17روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈالر کی قدر میںہونے والا اضافہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کا کھلاثبوت ہے،پیٹرول اور ڈالر میں حیران کن اضافہ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کی بنیادی وجہ بنا ہے جبکہ تبدیلی کا نعرہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کیلئے لگایا گیا تھا جسے عوام بخوبی سمجھ چکی ہے ۔

عارف اعظم نے کہا کہ معاشی اور اقتصادی پالیسوںکی بہتری اور استحکام کیلئے اصلاحاتی پالیسوں کو متعارف کرانا ہوگا،جسکے لئے گھریلوں انڈسٹری کے فروغ کیلئے تعلیم یافتہ ،ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوںکوآسان شرائط پر بلاسودقرضوں کی فراہمی جیسی پالیسیوں کو متعارف کرانا ہوگا۔#