زرداری لیگ کی کرپٹ حکومت نے لاکھوں ٹن گندم میں خوردبرد کی، جس سے سندھ میں آٹے کا بحران پیدا ہوا ہے، سردار عبدالرحیم

یہ کرپٹ حکمران سندھ کے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھیننا چاہتے ہیں،رہنماء مسلم لیگ (ف ) سندھ

جمعہ 8 نومبر 2019 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ زرداری لیگ کی کرپٹ حکومت نے لاکھوں ٹن گندم میں خوردبرد کی جس کی وجہ سے سندھ میں آٹے کا بحران پیدا ہوا ہے یہ حکمران سندھ کے عوام کو بھوکا مارنا چاہتے ہیں اپنے جاری بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ آٹے کی فی کلو پر مزید 10 روپیے قیمت بڑھانا عوام کو قابل قبول نہیں ہے یہ کرپٹ حکمران سندھ کے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھیننا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کرپٹ وزراء نے اربوں روپئے کمیشن کی خاطر گندم کا مصنوعی بحران پیدا کیا ہے ابھی بھی گوداموں میں لاکھوں ٹن گندم موجود ہے،انہوں نے نیب اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے گوداموں سے لاکھوں ٹن گندم کی خوردبرد کا نوٹس لیا جائے اور ملوث وزراء اور آفسران کے خلاف کاروائی کی جائے۔

#