ہمیں آج اقبالؒ کے پیغام کی روشنی میں اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے یکجا ہو کر پاکستان کو درپیش مسائل کے حل اور ملک و قوم کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے، آج کا دن ان کے خودی کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنے کا موقع ہے۔ برصغیر کے مسلمان اس عظیم رہنما کی انمول خدمات کے لئے ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام

جمعہ 8 نومبر 2019 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آج اقبالؒ کے پیغام کی روشنی میں اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے یکجا ہو کر پاکستان کو درپیش مسائل کے حل اور ملک و قوم کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) ہفتہ کو منایا جا رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں عظیم مفکر، فلسفی اور شاعر علامہ محمد اقبال ؒ کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں۔ آج کا دن ان کے خودی کے پیغام پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرنے کا موقع ہے۔ برصغیر کے مسلمان اس عظیم رہنما کی انمول خدمات کے لئے ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی، ان کے انداز فکر کو تبدیل کیا اور اپنے کھوئے ہوئے تشخص کو واپس حاصل کرنے کے لئے مضبوط نظریاتی بنیادیں فراہم کیں۔

انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک نئے وطن کا نظریہ دیا اور اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کے لئے بھرپور خدمات انجام دیں۔ بے شک ان کا شمار ان چند لوگوں میں ہوتا ہے جن کی عظمت کے مغرب اور مشرق یکساں طور پر معترف ہیں اور ان کے کام پر پورے دنیا کے لوگوں نے تحقیق کی اور اس کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے پیغام کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، ہمیں جن مسائل کا سامنا آج ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اقبال کے پیغام کی پیروی کرتے ہوئے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈالیں اور یکجا ہو کر پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے محنت کریں۔

انہوں نے کہا کہ آیئے ہم اپنے اجداد کے خواب کو پورا کرنے کے لئے مزید محنت کرنے کا عزم کریں اور اقبال کی تعلیمات کے مطابق مل کر اپنے ملک و قوم کی ترقی کے لئے آگے بڑھیں۔