کرتارپور راہداری کا افتتاح علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، ہمیں یقین ہے کہ خطے کی خوشحالی اور آئندہ نسلوں کا روشن مستقبل امن میں پنہاں ہے، آج ہم سکھ برادری کے لئے نہ صرف سرحد بلکہ دل بھی کھول رہے ہیں

وزیراعظم عمران خان کا کرتارپور راہداری کے افتتاح کی مناسبت سے پیغام

جمعہ نومبر 23:55

کرتارپور راہداری کا افتتاح علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کا عکاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، ہمیں یقین ہے کہ خطے کی خوشحالی اور آئندہ نسلوں کا روشن مستقبل امن میں پنہاں ہے، آج ہم سکھ برادری کے لئے نہ صرف سرحد بلکہ دل بھی کھول رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرتارپور راہداری کے افتتاح کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کیا۔

کرتارپور راہداری کا افتتاح (آج) ہفتہ کو کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے سرحد کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کو کرتارپور راہداری کے افتتاح کے تاریخی دن کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سکھ برادری کے لئے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر کرتارپور راہداری کے افتتاح کی اہمیت مسلمان بہتر سمجھ سکتے ہیں جو مقدس مقامات کی زیارت کی اہمیت کو پہچانتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح اس حقیقت کا عکاس ہے کہ ہمارے دل مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں جو ہمارے عظیم مذہب کی تعلیمات اور ہمارے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ہیں۔ آج ہم سکھ برادری کے لئے نہ صرف سرحد بلکہ اپنے دل بھی کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بے مثال خیر سگالی کا اظہار بابا گرونانک دیو اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے لئے انتہائی احترام کا عکاس ہے کیونکہ سکھ برادری ہمیشہ سے اپنے روحانی پیشوا کے مزار تک آسان رسائی اور وہاں مذہبی رسومات ادا کرنے کی خواہشمند رہی ہے۔