Live Updates

کرتارپور راہداری؛ نریندر مودی نے عمران خان کا شکریہ ادا کر دیا

وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کے جذبات کو سمجھا اور اُسے عزت دی۔ بھارتی وزیراعظم کا کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 نومبر 2019 12:00

کرتارپور راہداری؛ نریندر مودی نے عمران خان کا شکریہ ادا  کر دیا
نئی دہلی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9نومبر 2019ء) بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان  عمران خان  اور پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریند مودی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کے جذبات کو سمجھا اور اسے عزت دی۔

کرتار پور راہدری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا وہ پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے یہ منصوبہ مکمل کیا۔خیال رہے کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح (آج) ہفتہ کو کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے سرحد کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کو کرتارپور راہداری کے افتتاح کے تاریخی دن کی مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ سکھ برادری کے لئے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر کرتارپور راہداری کے افتتاح کی اہمیت مسلمان بہتر سمجھ سکتے ہیں جو مقدس مقامات کی زیارت کی اہمیت کو پہچانتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح اس حقیقت کا عکاس ہے کہ ہمارے دل مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں جو ہمارے عظیم مذہب کی تعلیمات اور ہمارے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ہیں۔

آج ہم سکھ برادری کے لئے نہ صرف سرحد بلکہ اپنے دل بھی کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بے مثال خیر سگالی کا اظہار بابا گرونانک دیو اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے لئے انتہائی احترام کا عکاس ہے کیونکہ سکھ برادری ہمیشہ سے اپنے روحانی پیشوا کے مزار تک آسان رسائی اور وہاں مذہبی رسومات ادا کرنے کی خواہشمند رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات