مسائل کے حل کیلئے تاجر تنظیموں ، محکموں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز مقر رکئے جائیں ' آل پاکستان انجمن تاجران

حکومت صرف ٹیکسز اکٹھے کرنے پر توانائیاں لگانے کی بجائے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرے ' مرکزی صدر اشرف بھٹی

ہفتہ 9 نومبر 2019 12:30

مسائل کے حل کیلئے تاجر تنظیموں ، محکموں کے درمیان روابط کیلئے فوکل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں سے صرف ٹیکسز اکٹھے کرنے پر توانائیاں لگانے کی بجائے ان کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرے ،مختلف مارکیٹوں میں تجاوزات اور پارکنگ کیلئے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز کے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس کو آگاہ کیا جائے گا اور اس پلیٹ فارم سے مطالبات پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بارہا کہہ چکے ہیں کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے تاجر تنظیموں اور محکموں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز مقر رکئے جائیں لیکن ہماری تجویز کی شنوائی نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجرملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے متعدد بار تجاوزات کے خلاف آپریشن کے اعلانات کئے گئے لیکن انہیں موثر نہیں بنایا جاسکا۔ اسی طرح پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبے بھی فائلوں میں دب کر رہ گئے ہیں۔ تجاویزات اور پارکنگ مسائل کی وجہ سے ہزاروں اور لاکھوں روپے ماہانہ کرایہ دینے والے دکاندار شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔