آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے قائمقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ہفتہ نومبر 14:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے قائمقام چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ جج آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل نے جسٹس راجہ سعید اکرم خان سے بحیثیت قائمقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی ۔

حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس آزاد جموںوکشمیر عدالت العالیہ جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی ، سینئر جج عدالت العالیہ جسٹس اظہر سلیم بابر ، جسٹس چوہدری محمد منیر ، ، جسٹس سردارمحمداعجاز خان ، جسٹس چوہدری خالد یوسف ،جسٹس رضا علی خان ، جسٹس راجہ سجاد احمد خان ،چیئرمین سروس ٹریبونل خواجہ محمد نسیم ،ممبران سروس ٹریبونل ، رجسٹرار آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ شیخ راشد مجید ، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب احمد خان ، سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، ممبران بار کونسل، صدر سپریم کورٹ بار ،صدر ہائی کورٹ بار ، سینئر وکلاء اور میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور آزاد جموں وکشمیر ارشاد احمد قریشی نے قائمقام چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا ۔