مسلم کانفرنس خطے کی تعمیروترقی،ریاست کے تشخص،ریاستی اداروں کے احترام ، تحریک آزادی کشمیر میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، راجہ ثاقب مجید

مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے ساری زندگی لوگوں کے حقوق ،مسائل کے حل،اداروں کی مضبوطی ،تحریک آزاد کشمیر کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے، عہدیداران سے خطاب

ہفتہ 9 نومبر 2019 14:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدروامیدواراسمبلی راجہ ثاقب مجید نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر آزاد خطے کی تعمیروترقی،ریاست کے تشخص،ریاستی اداروں کے احترام اورتحریک آزادی کشمیر میں اپنے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے ساری زندگی لوگوں کے حقوق ان کے مسائل کے حل،اداروں کی مضبوطی اور تحریک آزاد کشمیر کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔

مجاہد اول کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت کی مضبوطی،عوام کے حقوق اور تحریک آزادی کے حوالے سے اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہیں،جو لوگ اپنے محسنوں کو یاد رکھتے ہیں وہ ہمیشہ منزل پاتے ہیں،بسناڑہ کی عوام نے ہمیشہ جرأت مندی کا مظاہرہ کیا بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے اپنی وفاداریاں جماعت کے ساتھ نبھانی چاہئیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں امیدواراسمبلی ومسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدر راجہ ثاقب مجید نے بسناڑہ میں ایک عہدیداران اورکارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمحمد اشرف،تنویرخان،منیرخان،ضمیرخان،نذیرخان،معین احمد،عبدالرشید انقلابی، مشکورمغل،نذیرمغل،معروف گل نصیرحسین،نسیم چوہدری،حماد چوہدری،عزیزکیانی،قدیراعوان،سفیراعوان ودیگر بھی موجود تھے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ عوام کو سہانے خواب دکھانے والوں کو عوام جلد بے نقاب کریں گے،ٹوٹی نلکے کی سیاست دفن ہو چکی ہے،مسلم لیگ( ن) حلقہ چار کھاوڑہ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے کھاوڑہ کی سڑکیں آثار قدیمہ کا منظرپیش کررہی ہیں جس کی وجہ سے حادثات رونماء ہوچکے ہیں،حلقہ چار میں لوگوں کے مسائل جوں کے توں ہیں مند پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے،مسلم کانفرنس برسراقتدارآکرعوامی کی محرومیوں کا ازلہ کرے گی۔