Live Updates

ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی منصوبہ بندی والوں کی تدبیریں ان کے گلے پڑ گئیں،رہنماء پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان

ہفتہ 9 نومبر 2019 14:29

ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی منصوبہ بندی والوں کی تدبیریں ان کے گلے پڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بات لاشوں کی سیاست پر لے آئے ہیں تو ان کی جدوجہد کے نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ، مولانا ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی منصوبہ بندی کر کے آئے تھے لیکن تمام تدبیریں ان کے اپنے ہی گلے پڑ گئی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موجودہ سیاسی حالات کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء اور کارکنان بھی موجود تھے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پہلے واضح کر چکے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کے استعفے پر قطعاً کوئی بات نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے حلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں کیا اس سے بڑی پیشکش کی جا سکتی ہے،اصل میں مولانا فضل الرحمان حکومت کو نہیں بلکہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو مسل دکھا رہے ہیں جس سے ہمیں کوئی سروکار نہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی طرح کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لیے مولانا فضل الرحمان اپنی سر گرمیوں پر نظر ثانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جذباتی اور مظلوموں والی تقاریر کر کے مجمع کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں جو سب کو نظر آرہا ہے ، اگر بات لاشوں کی سیاست پر آ گئی ہے تو اس سے انتشار مارچ والوں کی جدوجہد کے نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی خاطر با معنی مذاکرات میں سنجیدہ ہے لیکن مولانا فضل الرحمان ٹائم پاس کر رہے ہیں جس کاملک کو نقصان ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ ہمیں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی یا پارلیمانی کمیشن پر کوئی اعتراض نہیں، سارے حلقے کھول لیں لیکن اس پیشکش کے بعد انتشار مارچ والے پتلی گلی کی تلاش میں ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات