بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک کے ضمنی امتحان2019ء کے نتائج کا اعلان کر دیا

ہفتہ 9 نومبر 2019 14:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک کے ضمنیامتحان 2019ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میںایک سادہ و پروقار تقریب چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آبادکے دفترمیں ہوئی جس میں تمام متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بج کر 10 منٹ پر چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین اور کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کر دیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اًپ لوڈ ہو گیا۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے بتایا کہ امتحان میٹرک ضمنی2019 ء میں کل 12027طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سی6223 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 51.74 فیصد رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد‘ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع میں طلباء وطالبات کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لئے الگ الگ و کمبائنڈ 38 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔

چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے بتایا کہ طلباء وطالبات کے شاندار مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج انتہائی احتیاط اور سپرچیکنگ کے بعد تیار کئے گئے ہیں اس لئے غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم ایسے طلباء وطالبات جو اپنے نتائج سے مطمئن نہ ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد سے 15 دن کے اندر ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنا پیپر خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں اگر ان کی کاپیوں میں کسی بھی قسم کی کوئی غلطی پائی گئی تو اس کا فوری ازالہ کرکے انہیں ان کا حق دینے میں ذرا بھی تامل سے کام نہیں لیا جائے گا۔