زرعی سائنسدانوں کی پروموشن میں حائل رکاوٹیںدور کرنے کا اعلان

ہفتہ 9 نومبر 2019 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) چیئرمین وزیر اعلی ٰ ٹاسک فور س( سیڈ اینڈ فرٹیلائزر) ملک مسعود اعوان نے زرعی سائنسدانوں کی پروموشن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ زرعی سائنسدانوں کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے لیے بیرون ممالک بھیجا جائے گا،وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا زراعت پرخصوصی فوکس ہے۔

ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک مسعود اعوان نے کہاکہ ہمیں مختلف فصلات کا بیج زیادہ مقدار میں خود تیار کرنا ہوگا تاکہ زیادہ پیداوار کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے، تمام بیج خاص طورپر سبزیات کے سیڈز زیادہ مہنگے ہیں۔ آئندہ سیڈزکی تیاری کے لیے سیڈاینڈ فرٹیلائزر ٹاسک فورس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور زرعی تحقیقاتی ادارہ جات کو شامل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ادارہ اب تک مختلف فصلات کی تقریباً 567اقسام متعارف کروا چکا ہے جن میں گندم ،کپاس ،چاول ، گنے ، مکئی و باجرہ ، دالوں، روغندار اجناس ، چارہ جات،سبزیات ،پھلوں اور پھولوں کی اقسام کے علاوہ سیڈ لیس کنو، سیڈ لیس انار اور سیڈ لیس لیموں شامل ہیں۔ان زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام کی بدولت گندم ، کماد، کپاس، دھان، مکئی، کنواور آم میں ملکی خود کفالت کا حصول ممکن ہوا ۔

خوردنی تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے اور ملکی سطح پر خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے کیلئے ادارہ نے سرسوں کی مقامی اقسام میں کینولا کوالٹی کو متعارف کروانے کے علاوہ زیتون کی بہترین اقسام بھی متعارف کروائیں۔غیر روایتی فصلوں اور مہنگے پھلوں پر تحقیق اور پیداواری ٹیکنالوجی پر بھی کام جاری ہے ۔ضلعی سطح پر قائم تجربہ گاہوں موسمیاتی تبدیلیوں کے فصلوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر کلائمیٹ چینج ریسرچ سنٹر بھی کام کر رہا ہے اور زرعی سائنسدان فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری میں موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔