Live Updates

”دھرنا نہ ہوتا تو نواز شریف جیل میں ہی مر جاتے“

نامور صحافی نے خدشات کا اظہار کیا کہ اگر رینجرز یا پولیس کے ساتھ ہجوم کاآمنا سامنا ہوا تو انتقامی اثرات خوف ناک ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 نومبر 2019 16:25

”دھرنا نہ ہوتا تو نواز شریف جیل میں ہی مر جاتے“
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9نومبر 2019ء) نامور تجزیہ کار و صحافی سہیل وڑائچ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر دھرنا نہ ہوتا تو نواز شریف جیل میں ہی مر جاتے۔ سہیل وڑائچ نے اپنی ایک تحریر میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان نے استعفیٰ دے دیا تو ایک نیا بحران پیدا ہو جائے گا۔ ایسی صورت میں تحریک انصاف کے حامی یہ دلیل بھی لائیں گے کہ دراصل یہ عالمی سازش تھی، اقوام متحدہ میں اس کی تقریر کے بعد یہود و ہنود نے اسے نکلوائے بغیر چین سے کہاں بیٹھنا تھا۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پہلے مرحلے میں سندھ اور پنجاب کی سرحد پر مولانا کے قافلے کو روکنے کی منصوبہ بندی کی گئی مگر جب تعداد 30ہزار تک پہنچ گئی تو یہ طے ہو گیا کہ انہیں روکنا خطرناک ہو گا اور حالات کی جو خرابی چند دن بعد ہوسکتی ہے وہ اسی دن سے شروع ہوسکتی تھی۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ بات واضح ہے کہ اس بڑی تعداد کے مجمع کو طاقت کے بل پر روکا نہیں جا سکتا اور نہ ہی اسے زور زبردستی سے اُٹھایا جا سکتا ہے۔

سہیل وڑائچ نے صورتِ حال کو خطرناک قرر دیتے ہوئے کہا کہ دھرنے اور لانگ مارچ اصولی طور پر غلط ہیں مگر آج کا مسئلہ یہ ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہزاروں لوگوں کے آنسو کیسے پونچھے جائیں کہ وہ وہاں سے اُٹھ جائیں کیونکہ ان کو شکست یا ہار نظر آئی تو ہنگامہ آرائی ہو سکتی ہے، جانیں بھی جا سکتی ہیں۔جیسا کہ علامہ خادم رضوی کے دھرنے کوآنسو گیس اور لاٹھی چارج سے اٹھانے کی کوشش کی گئی توہزیمت کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا، بالآخر ان کے ساتھ تحریری معاہدہ کرنا پڑا۔

اب بھی صورتحال یہ ہے کہ پنجاب پولیس یا اسلام آباد پولیس کو اگر اس مجمع سے محاذآرائی کی مجبوری پڑ گئی تو پولیس اسے ہینڈل نہیں کر سکے گی اور اگر رینجرز یا ریگولر دستوں کے ساتھ ہجوم کاآمنا سامنا ہوا تو خون خرابہ ہوگا جس کے انتقامی اثرات خوف ناک ہوں گے۔سہیل وڑائچ نے مزید کہا کہ دھرنے کی وجہ سے ہی مذاکرات کا دروازہ کھُلا ہے کیونکہ بظاہر حکومت سیاسی ڈائیلاگ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی تھی۔ دھرنا نہ ہونے کی صورت میں نواز شریف جیل میں ہی مر جاتے جبکہ زرداری کو اسپتال نہ لے جانے کے حیلے بہانے ڈھونڈے جاتے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات