مسجد کیلئے پانچ ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں،اسد الدین اویسی

سپریم کورٹ مقدم ہے لیکن خطا سے مبرا نہیں ، اپنے حق کے لیے لڑ رہے تھے،فیصلے پر ردعمل

ہفتہ 9 نومبر 2019 18:02

مسجد کیلئے پانچ ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں،اسد الدین اویسی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین کے سربراہ اور بھارتی لوک سبھا کے رکن اسدالدین اویسی نے کہاہے کہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے حیدرآباد دکن سے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کہا ہے کہ آئین کا مکمل احترام کرتے ہیں، سپریم کورٹ مقدم ہے لیکن خطا سے مبرا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسدالدین اویسی نے کہا کہ اپنے حق کے لیے لڑ رہے تھے، ہمیں مسجد کے لیے 5 ایکڑ زمین کی خیرات کی ضرورت نہیں ہے، بھارت کا مسلمان اتنا گیا گزرا نہیں کہ وہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑز نہ خرید سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی سے بھیک کی ضرورت نہیں ہے، مسلمان مسجد کی تعمیر کے لیے خود زمین خرید سکتے ہیں۔خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسجد کی جگہ مندر تعمیر کرنے کا حکم دیا ہے۔بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ بابری مسجد مندر کی جگہ پر تعمیر کی گئی تھی۔