جے یو آئی کے دھرنے میں شریک افراد کے لیے راشن کم پڑ گیا

قیادت کی جانب سے مزید ایک ہفتے کا راشن حاصل کرنے کے لیے مخیر حضرات سے رابطے شروع کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 نومبر 2019 17:48

جے یو آئی کے دھرنے میں شریک افراد کے لیے راشن کم پڑ گیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9نومبر 2019ء) مولانا فضل الرحمن کی زیر قیادت اسلام آباد میں دھرنا کئی روز سے جاری ہے۔ جے یو آئی کے دھرنے میں شریک افراد آزادی مارچ کے وقت اپنا راشن پانی اور دیگر ضروری سامان ساتھ لے کر چلے تھے۔ تاہم اب میڈیا ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دھرنے میں شریک افراد کے لیے راشن کم پڑ گیا ہے۔ جس کے باعث دھرنے والوں کو اگلے چند روز میں کھانے پینے کے حوالے سے دُشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ صورتِ حال قیادت کے لیے بھی پریشان کُن ہے۔ اسی وجہ سے قیادت نے مزید راشن حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جے یو آئی کے سرکردہ رہنماؤں نے اشیائے خور و نوش کی کمی کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دھرنا کو جاری رکھنے کے لیے راشن حاصل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے جے یو آئی نے مخیر حضرات سے رابطے شروع کر دیئے ہیں تاکہ جلد از جلد راشن حاصل ہو سکے۔

امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے سخت گیر موقف کی وجہ سے دھرنا مزید طول پکڑ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے کارکنوں کے لیے دال، چاول، آٹا اور چینی جیسی ضروری اشیاء حاصل کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ معروف صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ دھرنے والوں کی بھی ڈیل ہو گئی ہے۔ڈیل کروانے والوں میں ایک اعجاز صاحب شامل ہیں جب کہ ایک ترمذی شامل ہیں۔

اعجاز صاحب راولپنڈی میں رہتے ہیں۔اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتا، ترمذی صاحب کے ذریعے سے ہی اعجاز صاحب سے بات ہوئی۔اس قبل بھی وہ دو ڈیلز کرا چکے ہیں جن کا ذکر تاریخ میں ہو گا،دھرنے کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں کہ دھرنا ختم نہیں ہو گا۔ہارون الرشید نے مزید کہا کہ اگر کوئی سمجھ رہا ہے کہ دھرنے کے لوگ اٹھ جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے،دھرنے کے لوگ نہیں اٹھیں گے۔دھرنے میں بیٹھے لوگ برگر نہیں کھاتے وہ چرواہے اور کسان ہیں۔ان کے برین واش کیے گئے ہیں۔یہ سردی ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔