حکومت اور نیب کے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے تاخیری حربے

حکومت اورنیب دونوں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیارنہیں، نیب نے نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ کی رپورٹس طلب کرلیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 نومبر 2019 18:27

حکومت اور نیب کے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے تاخیری حربے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء) حکومت اور نیب نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے تاخیری حربے شروع کردیے، حکومت اور نیب دونوں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، نیب نے نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ کی رپورٹس طلب کرلیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ اور حکومت نے خود فیصلہ کرنے کی بجائے نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور نیب دونوں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ حکومت نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے نیب کو ریفر کردیا۔ جبکہ نیب نے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کردیے۔ نیب نے نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس طلب کرلیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے گزشتہ روز شہبازشریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک لے جانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں اورای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر نواز شریف لندن روانہ ہو جائیں گے ، نواز شریف کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر ائیر ایمبولینس کے ذریعے لیجانے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کیلئے بات چیت بھی کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور شریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اچانک کمی ہوئی ہے اور یہ تعداد18ہزار کی سطح پر آگئی ہے۔ ڈاکٹروںنے شہباز شریف اور مریم نواز سے گزشتہ روزبھی تفصیلی مشاورت کی اور نواز شریف کی صحت کے پیش نظر کمرشل ،چارٹرڈ فلائٹ اور ائیر ایمبولینس کے آپشنز پر غور کیا گیا ۔

ائیر ایمبولینس کے استعمال کی صورت میں قطر میںائیر ایمبولینس کے حصول کے لئے بات چیت کر لی گئی ہے اورحتمی طو رپر طے ہونے کی صورت میں ائیر ایمبولینس فوری پاکستان پہنچ جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے اپنی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورصرف ای سی ایل سے نام نکلنے کیلئے ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے ۔