شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 142واں یوم ولادت شایان شان طریقہ سے منایا گیا،مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

ہفتہ 9 نومبر 2019 18:46

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 142واں یوم ولادت شایان شان طریقہ سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 142واں یوم ولادت ہفتہ9 نومبر کو شایان شان طریقہ سے منایا گیا۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جبکہ سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پرگارڈ کی تبدیلی کی پٴْروقار تقریب منعقد ہوئی۔

پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے علامہ اقبال کے مزار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ برصغیر کے عظیم فلاسفر تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں اپنی شاعری کے ذریعے بیداری پیدا کی۔

(جاری ہے)

ولادت اقبال کے حوالہ سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور سکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ علمی و ادبی حلقوں میں شاعر مشرق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات میں اقبال کے فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی گئی۔ جبکہ علامہ اقبال ؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قومی و نجی نشریاتی اور اشاعتی اداروں نے بھی خصوصی پروگرام اور ایڈیشن مرتب کئے۔

ان تقریبات اور پروگراموں اور خصوصی شماروں میں علامہ اقبال ؒ کی تحریک آزادی اور ملت بیداری کے لئے خدمات کے علاوہ ان کی شاعری اور نجی زندگی کے حوالے سے مضامین کی نشر و اشاعت کے ذریعے عوام الناس بالخصوص نوجوانوں کو روشناس کرایا گیا۔ ڈاکٹر علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے ساتھ امت مسلمہ کی بیداری اور اتحاد امت کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قوم کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :