Live Updates

تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ وزیر اعظم کی مخلصانہ اور دلیرانہ قیادت ہے،ڈاکٹر امجد علی

ہفتہ 9 نومبر 2019 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کی کاوشوں سے ضلع سوات میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ روز اوڈیگرام میں ایک شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ ن کا اہم رہنماء نعیم خان تیلی خیل اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے نعیم خان کو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا، نعیم خان کا شمار ضلع سوات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سرکردہ رہنماوں میں کیا جاتا تھا۔ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ وزیر اعظم عمران خان کی مخلصانہ اور دلیرانہ قیادت ہے، ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی قیادت کے باعث ملک میں ترقی کا پہیہ چل پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ حکومت کی اسی کارکردگی کے باعث تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام ?مخالف سیاسی جماعتوں سے بدظن ہوچکے ہیں، اور تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمین ہیں۔ وزیر معدنیات نے شمولیتی جلسہ سے خطاب میں جمعیت علماء اسلام اور اپوزیشن پارٹیز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمعیت علماء اسلام ف کو اسلام آباد پہنچا کر غائب ہوچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلان اے، اور بی کا رٹ لگانے والے مولانا فضل الرحمان کا دھرنا مکمل طور پر فلاپ ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سرد موسم سے متاثرہ دھرنے کے شرکاء کے لئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔

وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں بیٹھ کر اپنے ساتھ کارکنوں کا قیمتی وقت ضائع کررہے ہیں، جمعیت علماء اسلام کو حکومت سے جو بھی گلہ ہو اس کے حل کے لئے اسمبلی اور دیگر ادارے موجود ہیں۔ وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے اپنے حلقہ کے ہر یونین کونسل کے لئے ایک کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔ جبکہ اوڈیگرام یونین کونسل میں دو ٹیوب ویلز کا بھی اعلان کیا
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات