Live Updates

امریکا کا کرتار پور راہداری کھولنے کا خیرمقدم

پاکستان اور بھارت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے،اب سکھ کمیونٹی دربار کرتارپورصاحب کی زیارت کرسکیں گے۔امریکی دفترخارجہ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 نومبر 2019 19:06

امریکا کا کرتار پور راہداری کھولنے کا خیرمقدم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 نومبر2019ء) امریکی دفتر خارجہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے،اب سکھ کمیونٹی دربار کرتارپورصاحب کی زیارت کرسکیں گے۔امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکا کرتارپورراہداری کھولنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔

امریکا پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔امریکی دفترخارجہ نے کہا کہ کرتار پور ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔اس اقدام سے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ ملے گا۔اب سکھ کمیونٹی پاکستان میں دربار کرتارپورصاحب کی زیارت کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبہ کے عکاس کرتارپور راہداری کے فقید المثال منصوبے کا آج ہفتہ کو باضابطہ افتتاح کردیا۔

سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن(ر) امریندر سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارت سمیت دنیا بھر سے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے کرتار پور آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے فراخدلانہ انداز میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔

جنم دن کی تقریبات میں 10 ہزار سے زائد سکھ یاتری شریک ہیں۔ کرتارپور راہداری کے افتتاح کے بعد اب روزانہ5 ہزار سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کی یاترا اور وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔ یہ شاندارمنصوبہ خطہ میں قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کیا گیا اوراس کیلئے فنڈز مکمل طور پر پاکستان نے فراہم کئے ہیں اور یہ سکھ برادری کیلئے ایک تحفہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے راہداری کے افتتاح اور گوروجی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے پاسپورٹ کی شرط عارضی طور پر ختم کر دی ہے جبکہ 2 دن کیلئے سروس چارجز کی بھی چھوٹ دی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات