Live Updates

ہزاروں سکھ یاتریوں کا کرتارپور راہداری اقدام کا خیرمقدم

وزیراعظم عمران خان نے راہداری کھول کر سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں ، ان کا نام ہمارے دلوں میں ہمیشہ کیلئے نقش ہوگیا ہے، سکھ یاتری

ہفتہ 9 نومبر 2019 19:34

ہزاروں سکھ یاتریوں کا کرتارپور راہداری اقدام کا خیرمقدم
کرتارپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) بھارت سمیت دنیا بھر سے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے راہداری کھول کر سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں اور ہمیشہ کیلئے ان کا نام ہمارے دلوں میں نقش ہوگیا ہے۔ سکھ یاتریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیرمقدمی جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کھول کر اپنے وعدے کو پورا کیا ہے، یہ سکھ برادری کی ایک دیرینہ خواہش تھی کہ وہ اپنے مقدس مقامات خاص طور پر کرتارپور صاحب کی زیارت کریں۔

ایک پرجوش سکھ یاتر سردار امیرسنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اور بالخصوص سکھ برادری کیلئے یہ ایک خوشی کا لمحہ ہے اس اقدام سے بھارت میں مقیم سکھ برادری بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے اپنے مذہی مقدس مقام کرتارپور آسانی سے آجاسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی قوم کو بھی چاہئے کہ وہ اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔ ایک اور سکھ یاتری بابا جی گورپال سنگھ نے کہا کہ مجھے دلی مسرت ہوئی ہے کہ بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سکھ برادری کو یہ عظیم تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے اس خیرسگالی اور امن کے جذبہ کو سلام پیش کر رہی ہے جس کے تحت بھارت سے سکھ یاتری بغیر ویزا فیس کے اپنے مقدس مقام کی یاترا کر رہے ہیں۔ سردار کلونت سنگھ نے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان حکومت کا ایک اچھا فیصلہ ہے اور سکھ برادری اس سے بہت خوش ہے۔ پاکستان سکھ کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش سنگھ نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا دن ہے۔

ڈاکٹر رمیش سنگھ نے کہا کہ پوری سکھ برادری اور بابا گرو نانک کے نام لیوائوں کیلئے کرتارپور راہداری کا کھلنا پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام ہے اور دنیا بھر کے امن پسند اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کرتارپور راہداری کے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستانی دفتر خارجہ ، وزارت مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی، متروکہ وقف املاک بورڈ اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں نے قابل ستائش کام کیا ہے جن کی محنت سے یہ منصوبہ بروقت پایہ تکمیل تک پہنچا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سکھ یاتریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور تحفظ دینے کیلئے شاندار انتظامات کئے۔انہوں نے کہا کہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ہے جو اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے جعلی پراپیگنڈے کے باوجود وزیراعظم عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کی تصاویر والے بینرز بھارتی پنجاب میں لگائے گئے۔

راہداری کا کھلنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور پوری دنیا میں بسنے والے بارہ کروڑ سکھوں اور بابا گرو نانک کے ماننے والوں کیلئے اس سے بڑا کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا۔ ایک اور یاتری بلبیر سنگھ خوشدل نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام پر شکرگزار ہیں جنہوں نے سکھ برادری کو اپنے پیشوا بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر اس مقدس دھرتی کی یاترا کرنے کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بغیر کسی مشکل کے اس مقام پر پہنچے اور ہمیں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکھ برادری کیلئے ایک بڑا لمحہ ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کے سینئر وکیل اور سیاستدان ہرویندر سنگھ پھولکا نے کہا کہ یہ جگہ ہمارے لئے مکہ کی طرح ہے اور جو خوشی ہمیں میسر آئی ہے اسے ہم الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔

ہمیں مقدس مقام پر آنے کی اجازت مل گئی ہے اس سے بڑی خوشی کی کیا بات ہوسکتی ہے۔ برطانیہ اور کینیڈا سے آئے سکھ خاندانوں کے اراکین نے بھی دلی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بڑا اقدام وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کی طرف سے ایک بڑا جذبہ خیرسگالی اور پیغام امن ہے اس کا ہم بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات