یوم اقبالؒ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

ملک وقوم کی ترقی کیلئے علامہ محمد اقبالؒ کی تعلیمات کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہو گا‘ میاں محمد اسلم اقبال اقبالؒ مسلمانوں کی عظمت رفتہ کیلئے کوشاں رہے،امجد اسلام امجد

ہفتہ 9 نومبر 2019 19:34

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) بلدیہ عظمی لاہور کے زیر اہتمام لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے تعاون سے یوم اقبالؒ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت میاں محمد اسلم اقبال نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت میاں محمد اسلم اقبال میں کہا کہ علامہ اقبال ؒنے مسلمانوں کیلئے نئے وطن کا نظریہ دیا،اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کیلئے بھر پور خدمات انجام دیں،شاعر مشرق کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جن کی عظمت کے مغرب و مشرق یکساں طور پر معترف ہیں،ہمیں اپنے اجداد کے خواب کو پورا کرنے کیلئے بھر پور محنت کرنا ہوگی، اقبال کی تعلیمات کے مطابق مل کر اپنے ملک وقوم کی ترقی کے لئے آگے بڑھیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر ہماری ادبی حیثیت کو تسلیم کیا جانا خوش آئند ہے،قوم کی خودی کو بلند کرنا ہے،جگہ جگہ علم و ادب کے پھول کھلے نظر آتے ہیں،ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کرنے کی روایت اپنانا ہوگی،کتاب کا کلچر آج بھی موجو د ہے،اس طرح کی محفلیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الحمرا اور میٹروپولیٹن کی طرف سے منعقدہ یہ محفل شاعر مشرق کے خودی کے پیغام پر عمل کرنے کے عہد کا موقع ہے،علامہ اقبالؒ نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے خودداری، اعلی اقدار کا درس دیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پروگرام کا مقصد نئی نسل کو دنیا کے عظیم شاعر کے افکار سے روشناس کروانا ہے،برصغیر کے مسلمان اس عظیم رہنما کی انمول خدمات کیلئے ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے،علامہ اقبال کے پیغام کی سب سے زیادہ ضرورت آج ہے۔نامور شاعر امجد اسلام امجد نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہ سب سے پہلے میں الحمرا اور بلدیہ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتاہوں کہ انہوں نے اس قدر شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی زندگی اور معاشرہ کو سنوارنے کے لئے اقبالؒ کے پیغام سے بے حد مدد مل سکتی ہے،اقبالؒ مسلمانوں کی عظمت رفتہ کے لئے کوشاں رہے،انہی روایات کو زندہ کرنا ہوگا، لاہور کو ادبی شہر قرار دینا باعث فخرہے، اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ یہ ہے ہم ان کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے عام کریں۔تقریب میں نامور گلوکارحامد علی خان، ترنم ناز اور الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے طالبات نے کلام اقبالؒ پیش کیا۔