بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کوٹ کا متعصبانہ فیصلہ

پاکستان علماء کونسل نے 11 نومبر کو اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور سیاسی و دینی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلالیا

ہفتہ 9 نومبر 2019 20:27

بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کوٹ کا متعصبانہ فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان علماء کونسل نے بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کوٹ کے متعصبانہ فیصلے ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے 100 دن اور ملکی و عالمی حالات پر 11 نومبر کو اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور سیاسی و دینی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلالیا ہے بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کا قتل عام ہے ،ا س فیصلے نے بھارت کے چہرے سے سیکولرازم کا نقاب نوچ ڈالا اور دنیا پر واضح کردیا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے، جہاں اقلیتیں محفوظ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان سکھوں کے لئے کرتارپور راہداری کھول کر امن ، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دے رہاہے اور دوسری طرف ہمسایہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے انتہا پسند و دہشت گرد ہندوئوں کے دبائو میں آکر تعصب پر مبنی فیصلہ سنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا کھلنا اسلام کے پیغام امن و سلامتی کی عظیم مثال ہے اور بابری مسجد کیس کا فیصلہ ہندوازم کی وحشت اور سفاکیت کی عملی تصویر۔ یہی فرق ہے اسلام اور ہندو ازم میں۔ ہم اقلیتوں کو ان کی عبادت گاہوں کے لئے سہولت دیتے ہیں اور وہ ہماری مساجد کو شہید کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے دنیا کو دکھا دیا کہ نہرو اور گاندھی کا سیکولر بھارت اب دہشت گرد ریاست بن چکا ہے جو اقلیتوں کے لئے جہنم ہے۔

خاص طور پر مسلمان ریاستی و غیر ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، گزشتہ تین ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر کشمیریوں پر زندگی کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے خطے کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے، 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کیا گیا اور اب بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا عدالتی حکم آگیا۔ مودی سرکار کی یہ پالیسی بھارت کے لئے بھی تباہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بابری مسجد کیس سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے اور اسے عالمی فورمز پر اٹھایا جائے۔ پاکستان علماء کونسل ملک و بیرون ملک ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائے گی