Live Updates

نواز شریف نے بیرون ملک جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا

سابق وزیراعظم کو کل بروز اتوار کو لندن کیلئے روانہ ہونا تھا، تاہم اب اگلے ہفتے کسی روز روانہ ہوں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ نومبر 19:57

نواز شریف نے بیرون ملک جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء) نواز شریف نے بیرون ملک جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا، سابق وزیراعظم کو کل بروز اتوار کو لندن کیلئے روانہ ہونا تھا، تاہم اب اگلے ہفتے کسی روز روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا پروگرام ملتوی کر دیا ہے۔ نواز شریف کو علاج کیلئے کل اتوار کے روز لندن کیلئے رواںہ ہونا تھا جہاں کچھ روز قیام کے بعد انہیں امریکا جانا تھا۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اب سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک روانگی کے پروگرام میں کچھ تبدیلی کی ہے۔ نواز شریف کل اتوار کی بجائے اگلے ہفتے کسی روز بیرون ملک جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ابھی تک نا تو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا ہے اور نہ ہی مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیے جانے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف چاہتے ہیں کہ مریم نواز کو ان کے ساتھ بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ حکومت اور نیب نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے تاخیری حربے شروع کردیے، حکومت اور نیب دونوں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ اور حکومت نے خود فیصلہ کرنے کی بجائے نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور نیب دونوں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔

حکومت نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے نیب کو ریفر کردیا۔ جبکہ نیب نے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کردیے۔ نیب نے نوازشریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس طلب کرلیں۔ واضح رہے گزشتہ روز شہبازشریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک لے جانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں اورای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر نواز شریف لندن روانہ ہو جائیں گے ، نواز شریف کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر ائیر ایمبولینس کے ذریعے لیجانے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کیلئے بات چیت بھی کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور شریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اچانک کمی ہوئی ہے اور یہ تعداد18ہزار کی سطح پر آگئی ہے۔ ڈاکٹروںنے شہباز شریف اور مریم نواز سے گزشتہ روزبھی تفصیلی مشاورت کی اور نواز شریف کی صحت کے پیش نظر کمرشل ،چارٹرڈ فلائٹ اور ائیر ایمبولینس کے آپشنز پر غور کیا گیا ۔

ائیر ایمبولینس کے استعمال کی صورت میں قطر میںائیر ایمبولینس کے حصول کے لئے بات چیت کر لی گئی ہے اورحتمی طو رپر طے ہونے کی صورت میں ائیر ایمبولینس فوری پاکستان پہنچ جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے اپنی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورصرف ای سی ایل سے نام نکلنے کیلئے ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے ۔
نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کا تنازعہ سے متعلق تازہ ترین معلومات