Live Updates

چین کا گوادر میں 19فیکٹریاں قائم کرنے کا اعلان

چین، بلوچستان کے کان کنی، زراعت، فشریز اور پانی کے شعبوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، گوادر میں 19 فیکٹریاں بھی لگائی جائیں گی: چینی سفیر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 9 نومبر 2019 20:18

چین کا گوادر میں 19فیکٹریاں قائم کرنے کا اعلان
گوادر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09نومبر2019ء) چین نے گوادر میں 19فیکٹریاں قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یاؤ جِنگ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین، بلوچستان کے کان کنی، زراعت، فشریز اور پانی کے شعبوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، گوادر میں 19 فیکٹریاں بھی لگائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی قونصل خانہ کاروباری افراد کے لیے ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنارہا ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ اب تک 200 پاکستانی طلبہ چین میں اسکالرشپ حاصل کرچکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں چینی حکومت کی عدم دلچسپی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ یاؤ جِنگ نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کیلئے 19فیکٹریاں قائم کی جائیں گی تا کہ نوجوان بے روزگار نہ رہیں۔

(جاری ہے)

یاؤ جنگ نے کہا کہ چینی کمپنیاں صوبائی زرعی سیکٹر کو مضبوط کرنے کے لیے کام کررہی ہیں جبکہ صوبے کی نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے لیے 50 ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین ژوب، ڈیرہ اسمٰعیل خان ہائی وے کی توسیع میں سرمایہ کاری کرے گا جو سی پیک کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ چینی سفیر یاؤجِنگ نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے نہ صرف بلوچستان بلکہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کی معاشی قسمت تبدیل ہوگی اور تمام منصوبے پاکستان سے ہو کر جائیں گے۔ چینی سفیر نے کہا کہ صوبائی فشریز، زراعت، معدنیات اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں ترقی لائی جاسکتی ہے جو بلوچستان میں غربت ختم کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کے وقت نوجوانوں کیلئے ایک کروڑ نوکریاں پیدا کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔ چین نے بھی پاکستان میں بہت سے منصوبے شروع کردیے ہیں جہاں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار مل سکے گا، اب گوادر میں 19 فیکٹریاں قائم کی جارہی ہیں جہاں پاکستانیوں کو نوکریاں ملیں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات