صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

ہفتہ 9 نومبر 2019 23:27

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معلم انسانیت حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر اہلیان وطن کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج بارگاہ ایزدی میں دعا کرتا ہوں کہ یہ ماہ مبارک ہم سب کے لیے باعث رحمت و برکت ثابت ہو، آمین۔عید میلاد النبی کے موقع پر قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ سرورِ کائنات حضرت محمدﷺکی حیثیت اس کائنات میں اُس بے مثال آفتاب کی ہے جو غار حرا سے طلوع ہوا اور ساری کائنات پر چھا گیا۔

آپﷺ کائنات کی وہ عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں۔ آپ ﷺ نے دشمنی کو محبت میں اور بیگانگی کو یگانگت میں تبدیل کرنے کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ نے آج سے چودہ سو سال پہلے ،اپنی زندگی کے مختصر سے عرصہ میں ایک ایسی مثالی فلاحی ریاست قائم کر کے دکھائی جس کی نظیر آج تک نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

آج مغرب کے جو ممالک فلاحی ریاست کا منظر پیش کر رہے ہیں ان تمام ممالک نے عہد نبوی کی ریاست مدینہ سے رہنمائی حاصل کی ہے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ مغربی ممالک نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے، لیکن مسلم ممالک چودہ سو سال بعد بھی اس سے رہنمائی لینے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کی نمونہ سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کر کے وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں۔ اس حوالے سے مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل جاری ہے۔

انشاء اللہ بہت جلد اس کے مثبت اور خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے میری تمام اہلیان وطن اور بالخصوص علماء سے درخواست ہے کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز بھی ایک فلاحی ریاست بن سکے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نبی اکرم ﷺ کے اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے، آمین۔