Live Updates

پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 11 نومبر 2019 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت اتوار کو مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ،شہر شہر اور گلی گلی نبیؐ کی ولادت با سعادت کے موقع پر جلوس نکالے گئے جہاں ہر طرف درود وسلام کے نعرے بلند ہوتے رہے۔اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس منعقد ہوئی جس کے افتتاحی سیشن میں وزیراعظم عمران خان جبکہ اختتامی سیشن میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے اس کانفرنس میں دنیا بھر سے مسلم مبلغین نے خطاب کیا، سرکاری اور نجی سطح پر سرکار دو عالمؐ کا یوم ولادت منانے کیلئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں محافل ذکر و نعت اور گھروں میں خواتین میلاد کی محافل کا انعقاد کی گئیں۔

(جاری ہے)

میلاد النبیؐ کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کیا گیا۔ ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 12ربیع الاول کو عید میلاد النبیؐ کے جلوس منعقد ہوئے۔ رواں سال عالمی سیرت کانفرنس کا موضوع ’’ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور تعلیمات نبویؐ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ۔ اس موضوع پر یونیورسٹیوں، کالجوں اور دینی مدارس کے سکالرز اور علماء و مشائخ نے تحقیقی مقالات‘ کتب سیرت اور کتب نعت مقابلے کے لئے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے 70مقالات ‘ کتب سیرت و نعت کو مقابلے کے لئے منتخب کیا ۔اسلام آباد میں ہونے والی عالمی رحمت اللعٰلمین کانفرنس میں سعودی عرب ایران مصر عمان عراق ‘ تیونس اورشام سے علماء و مشائخ نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ جامع الازہر کے وائس چانسلر‘ عمان کے مفتی اعظم‘ مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مسجد اقصیٰ کے خطیب کو کانفرنس میں شرکت کی خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔

مساجد اور سرکاری عمارتوں پر خصوصی چراغاں کیا گیا تھا،چھوٹی بڑی مساجد میں محفل نعت کا اہتمام کیا گیا۔عید میلاد نبیؐ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے جلوسوں کے راستے میں بھی سیکیورٹی تعینات تھی۔دن کے آغاز پر وفاقی دارلحکومت میں31 جبکہ صوبائی دارلحکومتوںمیں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل بھی کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات