ڈینگی کے مریضوں کا مصدقہ ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ کی ضرورت ہے‘ڈین آئی پی ایچ

ڈینگی کے مریضوں کیلئے ٹیچنگ ہسپتالو ں میں سیروٹائپ پی سی آرٹیسٹ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی

پیر 11 نومبر 2019 14:49

ڈینگی کے مریضوں کا مصدقہ ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) ڈینگی کے مریضوں کیلئے ٹیچنگ ہسپتالو ں میں سیروٹائپ پی سی آرٹیسٹ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور ان میں اضافہ کرنے کیلئے حکومت تمام ممکن اقدامات کرے گی - ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ پتھالوجی کے ماہرین سے سفارشات طلب کرلی ہیں جو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو پیش کی جائیں گی -یہ بات ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے آئی پی ایچ کمیٹی روم میں صوبے کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ پتھالوجی کے ڈاکٹرز کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -چلڈرن ہسپتال کے پروفیسر آف ہیماٹالوجی ڈاکٹر نثار، جناح ہسپتال کی پروفیسر آف پتھالوجی ڈاکٹر فوزیہ اصغر اور سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر شہلا لطیف نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر نثار کا کہنا تھاکہ سیرو ٹاپ ٹیسٹ کی سہولیات سینٹر لائز ہونا چاہیے تاکہ وسائل کا ضیاع بھی نہ ہو اور معیار بھی قائم رہے - پروفیسر نثار کا مزید کہنا تھا کہ پی سی آر سیرو ٹائپ ٹیسٹوں کی زیادہ ضرورت ڈینگی کی وبا کے دوران ہی پڑتی ہے - پروفیسر شہلا لطیف نے تجویز پیش کی کہ پی سی آر ٹیسٹ کیلئے کٹس کی خریداری مرکزی طو رپر کی جائے جبکہ پروفیسر فوزیہ اصغر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے مریضوں کے پی سی آر ٹیسٹ کرنے کیلئے مرکزی لیبارٹری کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹ سینٹرز بھی قائم کئے جائیں تاکہ وقت کی بھی بچت ہوسکے - ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ آئی پی ایچ نے کہاکہ تمام ٹیچنگ ہسپتالو ں کے شعبہ پتھالوجی کے ماہرین کا اجلاس منعقد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پی سی آر سیرو ٹائپ ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ اور سسٹم میں پائے جانے والے گیپس کو دور کرنے کیلئے مربوط سفارشات تیارکرکے حکومت کو پیش کی جائیں تاکہ سفارشات کی روشنی میں مزید اقدامات کئے جاسکیں ۔