Live Updates

ملک کے کرپٹ نظام میں ہر جگہ معافیاز موجود ہیں ، ہمیں جدوجہد کے ذریعے ان کو شکست دینا ہوگی،وزیر اعظم

لوگ کہتے ہیں مجھ میں رحم نہیں ،ملک کو لوٹنے والوں کو میں کیسے معاف کر سکتا ہوں رحم تو کمزور ، غریب ، پسے ہوئے طبقات، معذوروں، یتیموں اور بیوائوں کیلئے ہوتا ہے، ڈاکوئوں پر کون رحم کرتا ہے، عوام کا پیسہ چوری کر نے والوں کو عوام ہی معاف کر سکتے ہیں ، نا انصافی کی وجہ سے معاشرے سے میرٹ ختم ہو جاتا ہے ، معاشرہ دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستان میں ہم سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، ٹیکس کم دیتے ہیں ،اگر ریاست کے پاس پیسہ نہیں ہوگا تو عوام کی فلاح وبہبود کیسے ہوگی، ہمیں ٹیکس دینا ہوگا، ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہئے، ملائیشیا ، ترکی اور پاکستان اسلامی ہیروز سے اپنی نوجوان نسل کو متعارف کروانے کیلئے فلمیں بنائیں گے، ہمارے نبی کریم ؐ ایک عظیم رہنما ہیں ان کا نام ہمیشہ سر بلند رہے گا، سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب

پیر 11 نومبر 2019 15:01

ملک کے کرپٹ نظام میں ہر جگہ معافیاز موجود ہیں ، ہمیں جدوجہد کے ذریعے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک کے کرپٹ نظام میں ہر جگہ معافیاز موجود ہیں ، ہمیں جدوجہد کے ذریعے ان کو شکست دینا ہوگی،لوگ کہتے ہیں مجھ میں رحم نہیں ،ملک کو لوٹنے والوں کو میں کیسے معاف کر سکتا ہوں رحم تو کمزور ، غریب ، پسے ہوئے طبقات، معذوروں، یتیموں اور بیوائوں کیلئے ہوتا ہے، ڈاکوئوں پر کون رحم کرتا ہے، عوام کا پیسہ چوری کر نے والوں کو عوام ہی معاف کر سکتے ہیں ، نا انصافی کی وجہ سے معاشرے سے میرٹ ختم ہو جاتا ہے ، معاشرہ دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستان میں ہم سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں، ٹیکس کم دیتے ہیں ،اگر ریاست کے پاس پیسہ نہیں ہوگا تو عوام کی فلاح وبہبود کیسے ہوگی، ہمیں ٹیکس دینا ہوگا، ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہئے، ملائیشیا ، ترکی اور پاکستان اسلامی ہیروز سے اپنی نوجوان نسل کو متعارف کروانے کیلئے فلمیں بنائیں گے، ہمارے نبی کریم ؐ ایک عظیم رہنما ہیں ان کا نام ہمیشہ سر بلند رہے گا۔

(جاری ہے)

بارہ ربیع الاول کو وزیر اعظم عمران خان کے صدارت میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ’’ ریاست مدینہ اور اسلام کا تصور، تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں‘‘ انٹرنیشنل رحمت العالمینﷺ کانفرنس کا انعقاد وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام کیا گیا۔ کانفرنس کے پہلے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔

اس موقع پر معروف دانشوروں اور علمائے کرام نے خطاب کیا۔ جن میں عبدلخبیر آزاد، عبدالحبیب قادری، علامہ نیاز حسین نقوی، صاحبزادہ لخت حسین چیئرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل اسلامک یومیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر یاسین معصوم زئی شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کرپٹ نظام میں ہر جگہ معافیاز موجود ہیں اور ہمیں جدوجہد کے ذریعے ان کو شکست دینا ہوگی تاکہ ملک کو ترقی دیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں مجھ میں رحم نہیں ہے،ملک کو لوٹنے والوں کو میں کیسے معاف کر سکتا ہوں کیونکہ انہوں نے عوام کا پیسہ چوری کیا ہے ان کو صرف عوام ہی معاف کرسکتے ہیں یہ نہ کرنے کی وجہ سے کہا جاتا ہے کہ مجھ میں رحم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحم تو کمزور ، غریب ، پسے ہوئے طبقات، معذوروں، یتیموں اور بیوائوں کیلئے ہوتا ہے، ڈاکوئوں پر کون رحم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کی ترقی اصولوں اور کردار کی بنیاد پر ہوئی تھی ہمیں بھی خود کو بدلنا ہوگا، ہم نے سچی قوم بننا ہے، سچ بولنے کیلئے طاقت چاہئے اور سچ ہی یہ طاقت فراہم کرتا ہے جس سے خدا کی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات ہم سب کی ذمہ داری ہیں اور اس حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہم سب سے زیادہ خیرات لیکن ٹیکس کم دیتے ہیں اگر ریاست کے پاس پیسہ نہیں ہوگا تو عوام کی فلاح وبہبود کیسے ہوگی، ہمیں ٹیکس دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہئے ۔ وزیراعظم نے قوم سے کہا کہ وہ خود کو بدلے تاکہ ہم عظیم قوم بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ریاست اور شہریوں کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں اسی طرح علماء کی بھی ذمہ داریاں ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست مدینہ کے ماڈل پر اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے ہماری رہنمائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں عالم کا بڑا عظیم درجہ ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہمارے علمائے کرام اس حوالے سے ہماری مدد کریں تاکہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو اپنی تاریخ سے آگاہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی اور ملائیشیا نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلامی تاریخ کو اجاگر کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے اور ہم اسلامی ہیروز سے اپنی نوجوان نسل کو متعارف کروانے کیلئے فلمیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کے عروج میں بھی مدینہ کی ریاست کی پیروی شامل ہے اور آج بھی مغربی ممالک میں ریاست مدینہ کے اصولوں پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وہ ترقی کر گئے ہیں۔ ہمیں بھی اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہوگا اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہوگا۔انہوںنے بتایاکہ میری زیادہ تر زندگی بیرون ملک گزری ہے اور میں پاکستان کے تمام علاقوں اور عوام جو جانتا ہوں جب میں زندگی کا سفر شروع کیا تو مجھے سمجھ نہ تھی میں صرف والد صاحب کے کہنے پر جمعہ اور عید کی نماز پڑھتا تھا اس کے علاوہ میرا کوئی ایمان نہ تھا۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان گھرانے میں پیدا ہونے کی وجہ سے میں بھی مسلمان تھاخ میں نے اپنی زندگی کے تجربے سے سیکھا اور اس سچ پر پہنچا ہوں کہ انسان کی زندگی میں اس کا کوئی نہ کوئی رول ماڈل ہونا چاہئے اور زندگی کے ساتھ ساتھ یہ رول ماڈل بدلتے رہتے ہیں لیکن مسلمانوں کا رول ماڈل حضور نبی کریم ؐ کی ذات اور ریاست مدینہ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اچھے اچھے اداروں میں تعلیم حاصل کی لیکن وہاں پر ہمیں یہ نہیں بتایاگیا کہ ہمارے رول ماڈل نبی ؐ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو تو سمجھ نہیں ہوتی لیکن ہمارے تعلیمی داروں میں بھی ہمیں اپنے عظیم کرداروں سے متعارف نہیں کرایا جاتا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتخابات سے قبل اس طرح کی بات نہیں کرتا تھا تاکہ لوگ یہ نہ کہیں کہ میں ووٹ لینے کیلئے یہ باتیں کررہا ہوں لیکن انتخابات میں کامیابی کے بعد میں نے ریاست مدینہ کی بات کی کیونکہ اگر انسان نے عظیم بنانا ہے تو اس کو نبیﷺکو رول ماڈل بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی قوم نے عظیم بننا ہو تو اس کو ریاست مدینہ کو رول ماڈل بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺکے اردگرد جتنے بھی افراد تھے وہ سب عظیم بن گئے جو شروع میں عظیم نہ تھے جس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے نبی کریم ؐ کی حیات طیبہ کو اپنا رول ماڈل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں انشاء اللہ تعالیٰ تعلیم کے نظام کو ٹھیک کریں گے تاکہ ہمارے بچوں کو یہ بتا ہو کہ ہمارے نبی ؐ نے معاشرے کو کس طرح تبدیل کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں روم اور ایران کی دو بڑی سلطنتیں موجود تھیں اور ان میں عربوں کی کوئی حیثیت نہ تھی تو دیکھتے ہی دیکھتے ریاست مدینہ دنیا کا مرکز بن گئی جو ایک معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺکے دنیا سے پردہ کرنے کے صرف چھ سال کے بعد دنیا کی دونوں سپر پاورز عربوں کے سامنے جھک گئیں ، ہمیں اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب تاریخ کا حصہ ہے اور نبی کریم ؐ کی زندگی بھی تاریخ کا حصہ ہے جس کے بارے میں ہمیں بچوں کو بتانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کسی اور پیغمبر کی زندگی اس طرح تاریخ کا حصہ نہیں جس طرح ہمارے نبی ؐ کی زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیوں میں اس حوالے سے ریسرچ کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مدینہ کی ریاست کے ماڈل پر عمل کر کے ایک ہزار سال تک مسلمان دنیا کی عظیم قوم رہے جبکہ 7 سو سال تک بڑے بڑے سائنسدان صرف مسلمان تھے لیکن جب ہم نے ریاست مدینہ کے رول ماڈل سے ہٹ گئے تو مسلمان دنیا میں پیچھے چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں موبائل فون کا بڑھتا ہوا استعمال ہمارے لئے چیلنج ہے کیونکہ اگر ہم نے اپنے بچوں کو اپنی تاریخ سے واقف نہ کیا تو مسائل پیدا ہوں گے، انہیں بتانا ہوگا کہ ہم نے کیسے ترقی کی اور ہمارا زوال کیوں ہوا،ہمارے لئے مغربی تہذیب اور دین اسلام کا مطالعہ ضروری ہے۔ علامہ محمد اقبال نے بھی کہا تھا کہ جب مسلمان مدینہ کی ریاست کے اصولوں سے دور ہوئے تو زوال پذیر ہوگئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا مشن ہے کہ ہم تعلیم کے نظام کو ایسا بنائیں تاکہ ہمارے بچے یہ بات سمجھ سکیں کہ وہ کیا کردار تھا جس نے مسلمانوں کو ترقی دی ، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے لوگ صرف مسلمان تاجروں کے کردار کو دیکھ کر مسلمان ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ سچ میں انسان کی عزت ہوتی ہے جو طاقت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نبیﷺؐ کے پاس ایک قریشی آیا جس نے کہا کہ میں اپنی عادتیں نہیں بدل سکتا آپ مجھے نصیحت فرمائیں تو آپ ؐ نے اس کو ہدایت کی کہ سچ بولا کرو۔

انہوں نے کہا کہ زندگی ، رزق اور عزت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو ہمیں کس بات کا خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ؐ کے دنیا سے پردہ کرنے کے بعد قلیل وقت میںمسلمان معاشرہ نے بڑے عظیم لوگ پیدا کئے ،۔ آپؐ کے پردہ فرمانے کے بعد صرف 30 سال میں دنیا بھر میں مسلمان پھیل چکے تھے جو اپنے کردار کی وجہ سے دنیا کے حکمران بنے۔ انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی زندگی کو اپنے لئے مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کی بات کرنا میری زندگی کاتجربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں بھی خدا تعالیٰ نے حضور ؐ کی زندگی کو مشعل راہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی انسان کسی مشن پر ہوتا ہے تو اس کی ذات کی نفی ہوتی ہے اور وہ دوسروں کی فلاح چاہتا ہے ، ایسا انسان اپنے لئے نہیں بلکہ دوسروں کیلئے زندگی گزارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دوسروں کی خدمت کرنے والوں کو یاد رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حضور ؐ نے پورے عرب کو فتح کرنے کے بعد نہ تو اپنا گھر بدلا اور نہ ہی جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک ہمارے نبیؐ عظیم شخصیت ہیں اور ان کا نام ہمیشہ سر بلند رہے گا۔ ان کا مقصد دولت یا طاقت نہ تھا بلکہ انہوں نے انسانیت کیلئے ہی سب کچھ کیا۔ انہوںنے کہاکہ برصغیر کے صوفیا کے مزاروں پر لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں کیونکہ یہ صوفیاء بھی حضور ؐ کے راستے پر چلتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل میں گزارے لیکن اس کے باوجود سب کو معاف کردیا اور ملک کو خون خراب سے بچا لیا، جب تک جنوبی افریقہ رہے گا لوگ اس کی عزت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ؐ نے بھی فتح مکہ کے موقع پر سب کو معاف فرما دیا تھا۔ حضور ؐ انصاف پسند اور رحم فرماتے تھے لیکن جرم کو معاف نہیں کرتے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشرہ صرف اس وقت ترقی کرتا ہے جب جزا اور سزا کا نظام ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ریاست کی ذمہ داری اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو انصاف فراہم کرے اور ان کو آزادی ہو تاکہ وہ اپنی قابلیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نا انصافی کی وجہ سے معاشرے سے میرٹ ختم ہو جاتا ہے اور معاشرہ دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کے لوگ بھی میرٹ پر آگے آئے تھے اور ریاست کا بنیادی حصول میرٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میرٹ ، انصاف اور تعلیم کی بنیاد پر دنیا کیلئے نمونہ بنی۔ انہوںنے کہا کہ ہم بھی مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر عمل درآمد کرکے ملک کو ترقی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کا قیام جدوجہد کا نام ہے اور ہم اس راستے پر گامزن ہیں اور خدا ہمیں کامیابی دے گا اور ہمارا کام اس راستے پر چلتے ہوئے جدوجہد کرنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات