نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر رہائی کی بنیاد پر10 ہزار بیمار قیدیوں کی رہائی کے لیے درخواست

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 11 نومبر 2019 14:47

نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 نومبر ۔2019ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے. تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم منی لانڈرنگ میں ملوث رہے، ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر التوا ہیں.

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر بیمار قیدیوں کے برعکس نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، حسین حقانی کی طرح نواز شریف بھی بیرون ملک جا کر واپس نہیں آئیں گے.

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت درخواست پر فیصلے سے مشروط کی جائے. دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کے بعد10 ہزار بیمار قیدیوں کی رہائی کے لیے دائردرخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے.

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے عوام دوست پارٹی کے انجینئر محمد الیاس کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ ملک بھر کی جیلوں میں مختلف بیماریوں میں مبتلا 10 ہزار سے زائد قیدی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ جیلوں میں علاج معالجے کی مناسب سہولیات بھی میسر نہیں ہیں. درخواست گزار کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں اور ان سے امتیازی سلوک نہیں برتا جاسکتا لہذا عدالت سے استدعاہے کہ نواز شریف کی طرح دیگر بیمار قیدیوں کو بھی رہا کرنے کاحکم دیا جائے‘عدالت نے درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوا تے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار کا موقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے.

ادھر نون لیگ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں. سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک روانگی میں تاخیر میاں صاحب کی جان کے لئے خطرہ ہے ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے ایس آئی ایم ایس اور ایس ایم سی پی پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی رائے ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے انہوں نے کہا کہ بورڈ کی مشترکہ رائے ہے کہ نواز شریف مرض کی تشخیص اور علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں.