ای سی او کے رکن ممالک کو روہنگیا، فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کرنا ہوگی، پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس

پیر 11 نومبر 2019 15:26

ای سی او کے رکن ممالک کو روہنگیا، فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس نے کہا ہے کہ ای سی او کے رکن ممالک کو روہنگیا، فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کرنا ہو گی۔ پیر کو یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرا کونسل کے اجلاس میں 10 ممبران نے شرکت کی۔

پاکستان کی طرف سے وزراء کونسل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس نے کی۔ عندلیب عباس نے کہا کہ ای سی او فورم کو مزید فعال بنانے کے لیے ویژن 2010-2025 پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او ممبران کو روہنگیا، فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 100 دنوں میں نریندر مودی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں عورتوں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے خواتین کی عفت و ناموس تار تار کی جا رہی ہے۔ ترک وزیر اعظم نے ای سی او وزرا کونسل اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے آنے والی تجاویز کو سراہا۔