تاخیری حربوں سے محمد نوازشریف کی جان کو نقصان ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی ، مریم اور نگزیب

محمد نوازشریف کی زندگی کا مسئلہ ہے اور حکومت سرکاری تشکیل شدہ بورڈ کی تجویز کے باوجود تاخیر کر رہی ہے ، ترجمان (ن)لیگ

پیر 11 نومبر 2019 21:35

تاخیری حربوں سے محمد نوازشریف کی جان کو نقصان ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے علاج میں تاخیری حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیری حربوں سے محمد نوازشریف کی جان کو نقصان ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف کو کچھ ہوا تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ،محمد نوازشریف کی زندگی کا مسئلہ ہے اور حکومت سرکاری تشکیل شدہ بورڈ کی تجویز کے باوجود تاخیر کر رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکومتی تشکیل کردہ ڈاکٹروں کا سرکاری بورڈ لکھ کر دے چکا پھر تاخیر کیوں کی جا رہی ہی ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت وزارت داخلہ، وزارت داخلہ نیب اور نیب حکومت پر ذمہ داری پھینک رہا ہے ،کیا کسی کو احساس ہے کہ کسی انسان کی زندگی اور موت کا معاملہ ہی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تین مرتبہ منتخب وزیراعظم کے ساتھ یہ سلوک پاکستان کے عوام اور ایک باوقار انسان کے ساتھ زیادتی اور ظلم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عقل اور ہوش کے ناخن لیں، ڈاکٹرز مضطرب ہیں کہ جلد از جلد محمد نواز شریف کو علاج کے لئے باہر بھیجا جائے۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹرز کی سفارش کے مطابق محمد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے ۔انہوںنے کہاکہ ای سی ایل سے نام نکالاجائے تاکہ ائیر ایمبولینس کے انتظامات مکمل کئے جاسکیں۔