روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان

روئی کی قیمتیں 200 سے 300 روپے فی من مندی کے بعد 9 ہزار 400 سے 9 ہزار 500 روپے فی من تک گر گئیں

پیر 11 نومبر 2019 21:48

روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان ۔پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ دو تین روز کے دوران ریگولر روئی کی قیمتیں 200 سے 300 روپے فی من مندی کے بعد 9 ہزار 400 سے 9 ہزار 500 روپے فی من تک گر گئیں ۔

(جاری ہے)

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ امریکہ اور چین میں روئی کی قیمتوں میں مندی کے رجحان کے باعث برآمدی روئی کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں ریکارڈ مندی کا رجحان سامنے آنے کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی خریداری بھی محدود کر دی گئی ہے جس سے کاٹن جنرز اور کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رواں سال کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار توقعات سے کافی کم ہونے کے باوجود روئی کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر مندی کا رجحان سامنے آیا ہے تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ ایک دو روز کے دوران روئی کی بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمتوں میں متوقع تیزی کے رجحان کے باعث پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان متوقع ہے ۔