Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سکھ یاتریوں کوباباگرونانک دیو جی کی550ویں جنم دن پر مبارکباد

پیر 11 نومبر 2019 21:59

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سکھ یاتریوں کوباباگرونانک دیو ..
لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سکھ برادری کوباباگرونانک دیو جی کی550ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ باباگرونانک دیو جی کا جنم دن سکھ برادری کا روایتی مذہبی اور خوشیوں بھرا تہوار ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔

بابا گرو نانک دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔بابا گرو نانک کا شمار ان ہستیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے انسانیت سے پیار، اخوت و بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا اور ہم سکھ یاتریوں کو باباگرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ کرتار پور راہداری کھلنے سے سکھ یاتریوں کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں اوربلاشبہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرتار پور راہداری کا افتتاح تحریک انصاف حکو مت کا مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک تاریخ ساز اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ یاتریوں کے مقدس مقامات موجود ہیں اور خوشی ہے کہ ہمیں ہر سال سکھ بہن بھائیوں کی خدمت کا موقع ملتا ہے۔ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال ، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات