لگاتار شکست کے باوجود پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، ٹیم رینکنگ میں پاکستان کا پہلا نمبر برقرار، بیٹسمینوں میں بابر اعظم سرفہرست

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 11 نومبر 2019 21:14

لگاتار شکست کے باوجود پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11نومبر2019ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ،ٹیم رینکنگ میں پاکستان کا پہلا نمبر برقرارہے جبکہ بیٹسمینوں میں بابر اعظم بدستور سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق ٹیموں میں پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے باوجود بدستور پہلے نمبر پر تو ہے لیکن نمبر ٹو آسٹریلیا سے اس کا فرق صرف ایک پوائنٹ رہ گیا ہے ،انگلینڈ کی تیسری اور بھارت کی پانچویں پوزیشن ہے۔

رینکنگ میں انگلینڈ تیسرے،جنوبی افریقا چوتھے، بھارت پانچویں،نیوزی لینڈ چھٹے،سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں، بنگلادیش نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔ نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی،بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم اس وقت876پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں اور انہیںد وسرے نمبر پر موجود کینگروز بلے باز ایرون فنچ پر69پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے،فنچ نے دو درجے ترقی کے بعد دوسری پوزیشن اپنے نام کی ہے جب کہ انگلش بلے باز ڈیوڈ مالان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرکے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے تاہم 9میچز کے بعد سب سے زیادہ458رنز بنانے والے مالان اب بھی پہلے نمبر پر موجود بابر اعظم سے94پوائنٹس پیچھے ہیں ۔

انگلش کپتان این مورگن اورکیوی اوپنر مارٹن گپٹل نے مشترکہ طور پر9ویں پوزیشن اپنے نا م کی ہے جبکہ انگلش وکٹ کیپر بلے باز جونی بیئر سٹو نے کیریئر بیسٹ 498پوائنٹس کے ساتھ پہلی مرتبہ ٹاپ 40بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے ،بھارتی کپتان ویرات کوہلی تنزلی کے بعد15ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان 17ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ سابق کپتان شعیب ملک ترقی پاکر48ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔باﺅلرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ لیگ سپنر شاداب خان بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔